کاغذ کی مانگ میں اضافہ، جنگلات کی بڑھتی تباہی
21 فروری 2011کاغذ کی مانگ میں اِس بے پناہ اضافے کو پورا کرنے کے لیے کئی مخصوص پیڑ بھی زیادہ سے زیادہ تعداد میں اگائے جا رہے ہیں حالانکہ لکڑی سے نیا کاغذ تیار کرنے کی بجائے پرانے کاغذ کو ری سائیکل کر کے کاغذ تیار کرنے سے ماحول پر کہیں کم منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
80ء کے عشرے میں لوگ یہ خواب دیکھا کرتے تھے کہ الیکٹرانک میڈیا کی روز افزوں ترقی کے نتیجے میں جلد ہی وہ دَور آنے والا ہے، جب دفاتر میں کاغذ کی سرے سے ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ تاہم وفاقی جرمن محکمہء ماحولیات سے وابستہ آلمُوٹ رائشرٹ بتاتے ہیں کہ یہ خواب پورا نہیں ہو سکا ہے:’’ہم ایک طرف تو دفاتر میں زیادہ سے زیادہ کاغذ استعمال کرتے ہیں کیونکہ کسی چیز کو پرنٹ کرنے کا عمل اب تیز سے تیز تر ہو چکا ہے۔ صرف چند ایک بٹن دبانے سے آپ چند سو کاغذ پرنٹ کرنے کا عمل شروع کر سکتے ہیں۔ پہلے یہ سب اور طرح سے ہوا کرتا تھا۔‘‘
مطلب یہ کہ انٹرنیٹ اور ای میلز جیسے الیکٹرانک ذرائع ابلاغ آ جانے کے نتیجے میں کم نہیں بلکہ زیادہ کاغذ پرنٹ کیے جا رہے ہیں۔’کاغذ پر اعتماد‘ نامی ایک یورپی مطالعاتی جائزہ بھی اِسی نتیجے پر پہنچا ہے۔ اِس جائزے کے مطابق بہت سے لوگ الیکٹرانک آلات پر اعتماد کرنے کی بجائے ’حفظِ ماتقدم کے طور پر‘ سارا مواد پرنٹ کر کے بھی رکھ لیتے ہیں۔
دُنیا بھر میں چار ممالک یعنی امریکہ، چین، جاپان اور جرمنی سب سے زیادہ کاغذ استعمال کرتے ہیں۔
جرمنی میں کاغذ کا فی کس سالانہ استعمال 230 کلوگرام ہے، جو کہ عالمی اوسط استعمال سے چار گنا زیادہ ہے۔ آلمُوٹ رائشرٹ کہتے ہیں:’’ایشیا اور افریقہ کے شہری مل کر فی کس جتنا کاغذ استعمال کرتے ہیں، جرمنی کا فی کس استعمال اُس سے بھی زیادہ ہے۔ اب اگر وہاں بھی آبادی بڑھنے سے کاغذ کا استعمال بڑھے گا تو نئے کاغذ کے لیے تازہ مواد فراہم کرنا ناممکن ہوتا چلا جائے گا۔ ایسے میں پرانے کاغذ پر انحصار کرنا ہماری مجبوری ہو گی۔‘‘
ماہرین کا کہنا ہے کہ لکڑی سے نیا کاغذ تیار کرنے میں مختلف طرح کے کیمیاوی مادے بھی استعمال ہوتے ہیں اور اِس پر توانائی بھی زیادہ خرچ ہوتی ہے جبکہ پرانے کاغذ کو ری سائیکل کرنا زیادہ ماحول دوست ہے۔ نئے کاغذ کی تیاری کے لیے مطلوبہ لکڑی مہیا کرنے کی غرض سے خاص طور پر جنوبی امریکہ اور مشرقِ بعید کے ملکوں میں اُستوائی جنگلات کاٹ کر بڑے بڑے رقبوں پر مخصوص پیڑ اُگائے جا رہے ہیں۔
یورپ کی انسانی حقوق اور تحفظ ماحول کی علمبردار پچاس تنظیموں نے ’یورپی پیپر نیٹ ورک‘ قائم کیا ہے، جس کے تحت صنعتی ممالک میں کاغذ کے استعمال میں نصف کمی پر زور دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: شادی خان سیف