1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی اسکینڈل، فرانس میں نئی پیشرفت

22 ستمبر 2011

بدعنوانی کے اُس کیس کے حوالے سے فرانسیسی صدر کے ایک قریبی دوست کو گرفتار جبکہ ایک دوسرے کو تحقیقات میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کا پاکستان کے ساتھ ایک اسلحہ ڈیل اور مبینہ طور پر کراچی بم دھماکوں سے تعلق ہے۔

https://p.dw.com/p/12eJN
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزیتصویر: picture alliance/dpa

بدھ کو پیرس میں حکام نے بتایا کہ صدر نکولا سارکوزی کے ایک قریبی دوست  Nicolas Baziere کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے پولیس حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو آبدوزیں فروخت کرنے کی ایک ڈیل میں انہوں نے بدعنوانی کی تھی۔ جب 2008ء میں صدر نکولا سارکوزی اور کارلا برونی کی شادی ہوئی تھی تو Baziere  شادی کی تقریب میں شامل ہوئے تھے۔ انہیں نکولا سارکوزی کا قریبی دوست تصور کیا جاتا ہے۔

اسی طرح صدر سارکوزی کے ایک اور دوست اور کئی برسوں تک ان کے مشیر کے طور پر کام کرنے والے Thierry Gaubert کو بھی اس کیس کی تحقیقات میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ان پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان کو آبدوزیں فروخت کرنے والی ڈیل کی رقم کا ایک بڑا حصہ واپس پیرس لائے اور اسے Baziere کے حوالے کیا۔ کہا جاتا ہے کہ بعد ازاں یہی رقم 2006ء کے صدارتی انتخابات میں اس وقت کے صدراتی امیدوار ايدوارد بالادور کی مہم میں لگائی گئی، جس ميں وہ ژاک شيراک سے ہار گئے تھے۔ سارکوزی اور Baziere اس وقت بالادور کی صدارتی مہم چلا رہے تھے۔

Anschlag auf Ausländer in Pakistan
کراچی میں مئی 2002ء میں ہوئے ایک بم دھماکے میں گیارہ فرانسیسی مارے گئے تھےتصویر: AP

سن 1990ء کے عشرے میں پاکستان کو تين فرانسيسی آبدوزوں کی فروخت کے سودے ميں بڑے بھاری کميشن طے ہوئے تھے اور فرانس نے مبینہ طور پر پاکستانی حکام کو لاکھوں کی رقم رشوت کے طور پر ادا کی تھی۔ مبینہ بدعنوانی کے اس واقعے کو کراچی اسکینڈل کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

گزشتہ برس کراچی اسکينڈل ايک بار پھر ابھر کر سامنے آیا اور اب بالخصوص ایسے وقت میں جب فرانس کے صدراتی انتخابات میں صرف سات ماہ باقی رہ گئے ہیں، اس کیس کی پیشرفت سے صدر ساکوزی کی ساکھ بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق اگر فرانس میں انتخابات اب ہوں تو سارکوزی دوسری مدت صدرات کے لیے منتخب نہیں ہو سکیں گے۔

کہا جاتا ہے کہ کراچی ميں آٹھ مئی سن 2002ء کو گیارہ فرانسيسيوں کے قتل کی وجہ بھی يہی اسکينڈل تھا۔ کراچی ميں قتل کئے گئے فرانسيسی انجینئروں کے لواحقين اس کیس میں سابق صدر شيراک کو عدالت ميں لانے کے بھی حامی ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی