کرکٹ: ’آپ کرپشن روک سکتے ہو‘
24 جون 2013چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ جب انہیں اس عہدے کی پیشکش کی گئی تو وہ اپنی میڈیا کی ذمہ داریوں کی وجہ سے رضامند نہ تھے۔ انہوں نے کہا، ’’میاں صاحب کا اصرار تھا کہ آپ ڈسپلن قائم کر سکتے ہواور کرپشن روک سکتے ہو۔ میاں صاحب کا کرکٹ کے لیے جنون دیکھتے ہوئے میں نے یہ ذمہ داری نبھانے کی حامی بھرلی۔‘‘
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے انہیں اپنا ٹیلی وژن پروگرام جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے اور کہا کہ پروگرام میں ہونیوالی سیاسی تنقید بھی برداشت کی جائے گی۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ بورڈ کے خلاف عدالتوں میں جاری مقدمات کو نمٹانا اور آئین کے مطابق الیکشن کرانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ پی سی بی کے تمام معاملات کو شفاف بنایا جائے گا اور ان کا لمبی اننگز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
نجم سیٹھی نے یہ عہدہ ذکا ء اشرف کی جگہ سنبھالا ہے، جنہیں مبینہ طور پرمرضی کا آئین تشکیل دینے اوراس کےتحت منتخب ہونے کی پاداش میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے گز شتہ ماہ معطل کر دیا دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس سال کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور اسے جنوبی افریقہ میں کلین سویپ ہونے کے بعد حالیہ آئی سی سی چیپمئنز ٹرافی میں بھی منہ کی کھانا پڑی۔ نجم سیٹھی نے پاکستانی سلیکٹرز اور کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ ان کی بقاء کا دار و مدار صرف کارکردگی اورمیرٹ پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سلیکٹرز کو فری ہینڈ دیا ہے مگر ناکامی کی صورت میں انہیں ذمہ داری بھی لینا پڑے گی، ’’میں سلیکشن میں باکل مداخلت نہیں کروں گا اور نہ ہی سفارش کی گنجائش ہوگی۔‘‘
پیشہ ور صحافی کے طور پر کام کرنے والے نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی سی بی کے آئندہ بجٹ میں غیر ضروری اخراجات ختم کر دیے جائیں گے۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ وہ رواں ہفتے شروع ہونے والے آ سی سی کے اجلاس میں اسپاٹ فکسنگ کی پاداش میں سزا یافتہ فاسٹ باؤلرمحمد عامر کی پانچ سالہ سزا کم کرانے کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے تاہم سیٹھی نے کہا کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنایا ہوگی۔
نجم سیٹھی بدھ کو لندن روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
رپورٹ: طارق سعید، لاہور
ادارت: امتیاز احمد