1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت باہر، آسٹریلیا فائنل میں

عابد حسین26 مارچ 2015

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی دونوں میزبان ٹیمیں فائنل میچ کھیلیں گی۔ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کی ٹیم کو 95 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/1Expf
تصویر: Reuters/D. Gray

خیال کیا جا رہا تھا کہ پہلے سیمی فائنل کی طرح دوسرا سیمی فائنل میچ بھی کانٹے دار ہو گا لیکن ایسا ممکن نہ ہوا۔ بھارتی ٹیم کے ابتدائی کھلاڑی آسٹریلیا کی نپی تلی بالنگ کا سامنا کرنے سے قاصر رہے۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بیٹھے ہوئے ہزاروں شائقین کو مضبوط بھاتی بیٹنگ لائن اپ کا زور دار کھیل دیکھنے کو نہ ملا۔ مبصرین کے مطابق بھارت کے افتتاحی بیٹسمینوں نے بہت جلدی ہی دھواں دار بیٹنگ شروع کر دی تھی اور یہی اُن کے وکٹیں کھونے کا سبب بنا۔

آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ مقررہ پچاس اوورز میں آسٹریلیا کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا سکی۔ اِس میں اسٹیون اسمتھ کی شاندار سنچری شامل تھی۔ اسمتھ 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر فِنچ نے 81 رنز بنائے۔ اسمتھ اور فنچ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 182 رنز کا اضافہ کیا۔ اننگز کے آخر میں تیز بالر جونسن نے تیرہ گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے امیش یادو نے چار اور شرما نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Cricket Halbfinale Australien vs Indien in Sydney
روہت شرما آؤٹ ہونے کے بعدتصویر: Reuters/D. Gray

بھارتی ٹیم نے 329 رنز کے ٹارگٹ کی جانب سفر مناسب انداز میں شروع کیا اور پہلے 12 اوورز میں شیکھر دھون اور روہت شرما تیز کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 76 تک لے گئے۔ اِس اسکور پر شیکھر دھون 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارتی ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ اگلی تین وکٹیں صرف 28 رنز پر گر گئیں۔ اِن میں بھارت کے اسٹار بیٹسمین ویرات کوہلی کی وکٹ بھی تھی، جو صرف ایک رن بنا سکے۔ چار وکٹوں کے گرنے پر بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور اجنکیا رہانے نے ٹارگٹ کی جانب بڑھنے کا عمل جاری رکھا۔ 178 کے اسکور پر اجنکیا رہانے کی وکٹ نظرثانی کے فیصلے کے تحت گر گئی۔ وہ 44 رنز بنا سکے۔ جدیجا کو اسٹیون اسمتھ نے ڈائرکٹ ہٹ سے رن آؤٹ کیا۔

بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی آخری اوورز میں زوردار بیٹنگ کا شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے تیز رفتار بیٹنگ سے ٹارگٹ کے حصول کی کوشش ضرور کی لیکن وہ 65 رنز بنا کر میکسویل کی ایک ڈائرکٹ ہٹ پر رن آؤٹ ہوئے۔ اس طرح دھونی کی ٹیم 233 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔

بھارتی اننگز میں آسٹریلیا کے تیز رفتار بالروں نے کنٹرولڈ بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ فولکنر کے علاوہ جانسن اور اسٹاکم نے دو دو بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اِس کے علاوہ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بالروں کا استعمال بھی خوب کیا۔ فیلڈنگ کرتے ہوئے بھی آسٹریلوی ٹیم نے عمدہ پرفارمنس دی۔ اسٹیون اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل میچ انتیس مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ دونوں میزبان ٹیمیں یعنی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کسی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا فائنل میچ کھیلے گی۔