1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ اور بھارت کی فتوحات

عابد حسین28 فروری 2015

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں ہفتے کے روز دونوں میزبانوں کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو ڈرامائی میچ میں ایک وکٹ سے شکست دی۔

https://p.dw.com/p/1Ej8u
تصویر: Reuters/A. Phelps

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ایڈن گارڈن پر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو چالیس ہزار شائقین نے میدان میں دیکھا۔ آسٹریلوی ٹیم کو صرف 151 رنز پر آؤٹ کر دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑی۔ دونوں ٹیموں کی بیٹنگ لائنز بہتر کھیل پیش کرنے سے قاصر رہیں۔ اِس میچ میں مجموعی طور پر بولر حاوی رہے۔ نیوزی لینڈ کے، فاسٹ بولر بولٹ نے پانچ وکٹیں لیں تو آسٹریلیا کے سیمر مچل اسٹارک چھ کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم کا 80 کے اسکور پر صرف ایک کھلاڑی آؤٹ تھا اور اُس کے بعد اگلے آٹھ کھلاڑی محض 26 رنز کا اضافہ کر سکے۔ وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن اور آخری کھلاڑی کیومنز کے درمیان آخری وکٹ کی شراکت میں 45 رنز بنے۔ نیوزی لینڈ کے تیز بولر ٹرینٹ بولٹ نے اپنے ایک روزہ میچوں میں بہتر بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

World Cup Cricket 2015 Indien MS Dhoni
بھارت نے متحدہ عرب امارت کی ٹیم کو انتہائی واضح فرق سے ہرایاتصویر: Getty Images/D. Kalisz

نیوزی لینڈ کی ٹیم کا ٹارگٹ کے حصول کی جانب سفر بہتر انداز میں جاری تھا اور 78 اسکور پر صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہونے پر خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ یہ میچ آسانی سے جیت جائےگی۔ اِسی اسکور پر آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک کی شاندار بولنگ نے میچ کا نقشہ ضرور بدلہ لیکن وہ اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کر سکے۔ اسٹارک نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو فوری طور پر آؤٹ کر کے میچ کو ڈرامائی شکل دے دی۔

بلیک کیپس نو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر میچ جیتنے میں کامیاب رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان برینڈن میککلم نے اکیس بال پر نصف سنچری مکمل کی۔ ولیمسن نے 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور نیوزی لینڈ کو یہ میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ورلڈ کپ کے پُول بی میں بھارت نے متحدہ عرب امارت کی ٹیم کو انتہائی واضح فرق سے ہرایا۔ یہ میچ مغربی آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلا گیا۔ واکا پر خلیجی ریاست کی ٹیم کے کپتان محمد توقیر نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی بولرز نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو بتیسویں اوور میں صرف 102 کے اسکور پر آؤٹ کر دیا۔

عرب ریاست کی کرکٹ ٹیم کے نو کھلاڑی 71 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے اور آخری وکٹ کی شراکت میں 31 رنز بنے۔ بھارت کی جانب سے ایشوِن چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ بھارت نے میچ جیتنے کا ٹارگٹ انیسویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارتی اوپنر روہت شرما نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے نصف سینچری بنائی۔