کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کو شکست کا سامنا
15 فروری 2015بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ پچاس اوورز میں بھارتی ٹیم نے 300 رنز بنائے اور اُس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی ٹیم صرف 224 رنز بنا سکی اور 76 رنز کے فرق سے یہ میچ ہار گئی۔ بھارتی ٹیم کی پہلی وکٹ تو 34 کے اسکور پر گر گئی تھی لیکن اُس کے بعد 128 رنز کی شراکت نے بھارتی ٹیم کو ایک مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کیا۔ شیکھر دھون کے آؤٹ ہونے کے بعد ویراٹ کوہلی اور سریشن رائنا نے 116 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ شیکھر دھون 73 رنز بنا سکے۔ انہیں پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے رن آؤٹ کیا۔ سریش رائنا کے ساتھ کھیلتے ہوئے ویراٹ کوہلی نے اپنی شاندار سینچری بنی مکمل کی۔ وہ 107 رنز بنا کر سہیل خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
بھارتی ٹیم کا تیسرا کھلاڑی 273 کے اسکور پر جب آؤٹ ہوا تو ایسا دکھائی دیتا تھا کہ بھارتی ٹیم اگلے اوورز میں مزید چالیس پچاس رنز بنا کو اپنا اسکور 325 تک پہنچا دے گی۔ لیکن اگلے اوورز میں صرف 27 رنز بنے۔ سہیل خان نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرا کوئی اور بالر کوئی بڑا امپیکٹ چھوڑنے میں ناکام رہا۔ پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 301 کا ٹارگٹ دیا گیا۔ پاکستانی ٹیم یہ ہدف حاصل نہیں کر سکی اور ایک بار پھر ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم سے ہار گئی۔ ویراٹ کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اوپننگ کے لیے یونس خان اور احمد شہزاد کو بھیجا۔ یونس خان جلد آؤٹ ہو گئے۔ شہزاد اور حارث سہیل نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش 79 کے اسکور پر ختم ہو گئی جب حارث سہیل 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ احمد شہزاد نے 47 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم کے ہاتھ سے میچ اُس وقت نکل گیا جب صہیب مقصود اور عمر اکمل بغیر کسی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اِس طرح سارا پریشر بقیہ ٹیم پر منتقل ہو گیا۔ مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے میچ سنبھالنے کی کوشش کی لیکن شاہد آفریدی اور وہاب ریاض کے جلد آؤٹ ہونے پر میچ کا نتیجہ تقریباً سامنے آ گیا تھا۔ پاکستان کی ٹیم صرف 224 رنز بنا سکی۔ مصباح الحق ٹاپ اسکورر رہے اور وہ 76 رنز بنا سکے۔
ورلڈ کپ میں اتوار کے روز جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان بھی میچ کھیلا گیا۔ یہ میچ جنوبی افریقی ٹیم نے جیت لیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقن ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں چار کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے پر 339 رنز بنائے اور زمبابوے کی ٹیم 277 رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے138 اور ڈُومنی نے 115 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ماسکڈزا نے بنائے۔ ان کا اسکور اسی رہا۔ جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد بالر عمران طاہر سب سے کامیاب بالر تھے۔ انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔