کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا
7 مارچ 2015نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے میدان ایڈن پارک میں ہفتے کے روز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو بارش سے متاثر ہونے کا پہلے ہی اندازہ لگا لیا گیا تھا۔ میچ کے دوران بھی بارش نے کھیل روکا اور جب جنوبی افریقہ کی ٹیم کا آخری کھلاڑی آؤٹ ہوا تو تیز بارش شروع ہو گئی۔ اگر کچھ دیر اور پاکستانی بولر جنوبی افریقی ٹیم کے آخری کھلاڑی کو آؤٹ نہ کرتے اور بارش شروع ہو جاتی تو ڈک ورتھ لوئیس اصول کے تحت پاکستانی ٹیم یہ میچ ہار بھی سکتی تھی۔
آکلینڈ میں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ابراہم بینجمن ڈویلیئرز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں تھی۔ ناصر جمشید کی جگہ اوپننگ کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو شامل کیا گیا اور حارث سہیل کی جگہ تجربہ کار سینئر بیٹسمین یونس خان ٹیم میں شامل کیے گئے۔ دونوں تبدیلیاں مثبت ثابت ہوئیں۔
سرفراز نے اوپننگ میں شاندار 49 رنز بنائے اور سوئنگ کرتی گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے یونس خان نے 37 رنز بنائے۔ پاکستان کی ساری ٹیم 222 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ کپتان مصباح الحق نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے اور انہوں نے 56 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اِس کے علاوہ مورنی مورکل اور کائل ایبٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کی۔ پاکستانی اننگز کے درمیان بھی بارش کی وجہ سے میچ روکا گیا اور تین اوورز کم کر دیے گئے۔ ڈک ورتھ لوئیس اصول کے تحت جنوبی افریقہ کی ٹیم کو نیا ٹارگٹ دیا گیا اور اُسے 47 اوورز میں 232 رنز بنانے تھے۔
طویل القامت پاکستانی بولر محمد عرفان نے جنوبی افریقی بیٹسمین کُوئنٹن ڈی کوک کو جلد ہی آؤٹ کر دیا مگر بعد میں ہاشم آملا اور فرانسوا ڈو پلیسی نے تیزرفتاری سے رنز بنانے شروع کر دیے۔ نواں اوور اور دسواں اوور میچ کے لیے اہم رہا۔ نویں اوور میں ڈو پلیسی کو پہلے راحت علی نے آؤٹ کیا اور اگلے ہی اوورر میں وہاب ریاض نے ہاشم آملہ کی وکٹ حاصل کر لی۔ دونوں کو وکٹ کے پیچھے سرفراز احمد نے کیچ آؤٹ کیا۔ آملا کو سرفرارز احمد نے انتہائی مشکل کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔
فیف ڈو پلیسی کے آؤٹ ہونے پر جنوبی افریقی ٹیم کا اسکور 67 تھا اور اِسی اسکور کے بعد اگلے 35 رنز میں جنوبی افریقہ کے پانچ کھلاڑیوں کو پاکستانی بولروں نے آؤٹ کیا۔ آج کے میچ میں پاکستان کے تیز بولروں محمد عرفان، سہیل خان، وہاب ریاض اور راحت علی نے نپی تُلی بولنگ کی۔
جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اے بی ڈویلیئرز ٹارگٹ کے حصول میں چٹان ضرور بنے لیکن دوسری طرف سے اُن کے ساتھی وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے گئے۔ آخرِ کار وہ سہیل خان کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ نویں کھلاڑی تھے جو آؤٹ ہوئے۔ ڈویلیئرز 77 رنز بنا سکے۔ محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض تین تین کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
سرفراز احمد کو انچاس رنز اور چھ کیچ پکڑنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ عالمی کپ مقابلوں میں انہوں نے ایک میچ میں چھ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔