کرکٹ کی چیمپئنز ٹرافی آج سے شروع
6 جون 2013ساتویں چیمپئنز ٹرافی کے فارمیٹ میں تبدیلی لائی گئی ہے اور اس مرتبہ اس میں صرف آٹھ ٹیمیں شریک ہیں اور ان کو دو گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ گروپ اے میں میزبان انگلینڈ کے ہمراہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں پاکستان کو بھارت، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے خیال میں دونوں گروپس کرکٹ کے پاور ہاؤسز پر مشتمل ہیں اور یہ کہنا کہ کوئی گروپ کمزور ہے، یہ پوری طرح مبالغہ ہو گا۔
چیمپئنز ٹرافی کے دوران کل پندرہ میچز کھیلے جائیں گے۔ ان میں دو سیمی فائنل اور ایک فائنل میچ بھی شامل ہے۔ گروپ اے اور گروپ بی کے رابن راؤنڈ لیگ میچوں کی تعداد بارہ ہے۔ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیےکوالیفائی کر جائیں گی۔ فائنل میچ برمنگھم شہر کے ایجبیسٹن گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا جبکہ ایک سیمی فائنل لندن کے اوول اور دوسرا صوفیہ گارڈنز کارڈیف میں پلان کیا گیا ہے۔ ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو بیس لاکھ (دو ملین) ڈالر اور ہارنے والی کو دس لاکھ (ایک ملین) ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ کُل چالیس لاکھ ڈالر کے انعامات میچوں کے درمیان تقسیم کیے جائیں گے۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ کل ویسٹ انڈیز کے خلاف لندن کے اوول میدان میں کھیل رہی ہے۔ ان دنوں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھرپور پرفارمنس دے رہی ہے اور اس تناظر میں پاکستانی ٹیم کے لیے یہ میچ آسان نہیں بلکہ خاصا مشکل ہو سکتا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنے گروپ میں دوسرا میچ دس جون کو کھیلے گی۔ یہ میچ برمنگھم میں کھیلا جائے گا اور گرین شرٹس کو جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کا سامنا ہو گا۔ گروپ بی کا سب سے کانٹے دار میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان پندرہ جون کو ہو گا۔ مبصرین کے خیال میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کی باؤلنگ قدرے بہتر ہے اور بیٹنگ اتنی مضبوط نہیں ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم نے بھی پاکستانی ٹیم کی انتظامیہ کو بیٹنگ پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔
آسٹریلیا نے دو مرتبہ اس ٹرفی کو جیت رکھا ہے۔ اس مرتبہ آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ بھی پوری طرح تیار دکھائی نہیں دیتی۔ وارم اپ میچ میں ساری آسٹریلوی ٹیم بھارت کے خلاف 70 سے کم اسکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ کرکٹ کے ماہرین کے خیال میں انگلینڈ، بھارت، اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہیں جبکہ چوتھی ٹیم کے لیے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ہونے کی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سابقہ چیمپئنز ٹرافی کے ریکارڈ کے مطابق پاکستانی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچ تو پائی لیکن کبھی بھی اس نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل نہیں کیا۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ایسے وقت میں ہو رہا جب بھارت میں کھیلی جانے والی انڈین پریمئر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے اسکینڈل کا بہت شور اٹھا ہوا ہے اور بنگلہ دیش میں بھی ایسا ہی شور پایا جاتا ہے۔ اہم بنگلہ دیشی بیٹسمین محمد اشرفل ان دنوں معطّلی کا سامنا کر رہے ہی۔ ان کے خلاف تفتیشی عمل شروع ہے۔ بھارت میں بھی دو چار کھلاڑیوں کی گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے تناظر میں پاکستان کے امپائر اسد رؤف کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی میں فرائض سے روک دیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے سابقہ دورے کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے اسکینڈل کا سامنا تھا۔ آج سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے دوران تمام ٹیموں پر نگاہ رکھی جا رہی ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عدنان اسحاق