1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کپيلو سے فٹبال ايسوسی ايشن ناخوش

7 فروری 2012

اطالوی چينل کو انٹرويو ديتے ہوئے برطانوی فٹ بال ايسوسی ايشن کو تنقيد کا نشانہ بنانے پر ٹيم کے کوچ فيبيو کپيلو کا کيريئر اپنے اختتام کو پہنچ سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/13ydM
تصویر: AP

برطانوی فٹبال ٹيم کے اطالوی کوچ ايک مرتبہ پھر متنازعہ صورتحال سے دوچار ہيں۔ ايک اطالوی چينل سے براہ راست بات کرتے ہوئے کپيلو نے ٹيم کے کپتان جان ٹيری کو گزشتہ دنوں ان کے عہدے سے فارغ کر دينے سے متعلق فٹ بال ايسوسی ايشن کے فيصلے کو غلط قرار ديا تھا۔ فيبيو کپيلو کا ماننا ہے کہ جان ٹيری کے حوالے سے جاری تنازعے ميں جب تک عدالت ٹيری کو ’مجرم‘ قرار نہيں ديتی، انہيں بے گناہ مانا جانا چاہيے اور ايسی صورتحال ميں ايسوسی ايشن کا اقدام غير مناسب ہے۔ کپيلو کے اس رویے اور اتوار کو ٹيلی وژن پر ديے گئے بيان سے متعلق ان کی اسی ہفتے فٹ بال ايسوسی ايشن کے عہديداران کے ساتھ ملاقات طے پائی ہے۔ مختلف تجزيہ کاروں کے مطابق ايسوسی ايشن کے سربراہ David Bernstein کے ساتھ اس ملاقات کے بعد اس بات کا امکان موجود ہے کہ کپيلو کو ان کے عہدے سے فارغ کر ديا جائے گا۔

واضح رہے کہ جان ٹيری پر يہ الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر ميں کھيلے گئے ايک ميچ کے دوران مخالف ٹيم کے ايک سياہ فام کھلاڑی فرڈينڈ کو نسل پرستی کا نشانہ بنايا اور نازيبہ الفاظ سے مخاطب کيا۔ اس حوالے سے برطانيہ ميں ايک تنازعہ جاری ہے اور عدالت ميں جان ٹيری کے کيس کی سماعت Euro 2012 کے بعد جولائی ميں رکھی گئی ہے۔ ٹيری گزشتہ سالوں ميں بھی مختلف تنازعوں کی زد ميں رہے تھے اور انہيں ايک مرتبہ پہلے بھی کپتانی کے عہدے سے برخاست کيا جا چکا ہے۔

فيبيو کپيلو چار سالوں سے برطانوی ٹيم سے منسلک ہيں
فيبيو کپيلو چار سالوں سے برطانوی ٹيم سے منسلک ہيںتصویر: AP

سال 2010 ميں جنوبی افريقہ ميں منعقدہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ سے قبل بھی برطانوی فٹبال ٹيم ٹيری کے حوالے سے تنازعے کا شکار بنی تھی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر اس ہفتے ہونے والی بات چيت کے بعد کپيلو کو بطور کوچ ان کے عہدے سے ہٹايا گيا تو يہ برطانوی ٹيم کے ليے پولينڈ اور يوکرائن ميں ہونے والے ٹورنامنٹ سے قبل ايک خاصا بڑا دھچکہ ہوگا، جس سے ٹورنامنٹ کے ليے ٹيم کی تيارياں متاثر ہوں گی۔ 65 سالہ کوچ فيبيو کپيلو گزشتہ چار سالوں سے برطانوی ٹيم سے منسلک ہيں۔ وہ گزشتہ ورلڈ کپ ميں ٹيم کی خراب کارکردگی کے بعد شديد دباؤ کا شکار رہے۔

ماہرين کا ماننا ہے کہ کپيلو کی جانب سے ٹيری کو 2010 ميں برطرف کرنے کے بعد دوبارہ کپتان نامزد کرنا غلط تھا۔ FA کے سابق ايگزيکٹیو ڈائريکٹر ڈيوڈ ڈيويز نے اس حوالے سے کہا، ’ ايسوسی ايشن اس معاملے پر غور کر رہی ہے کيونکہ يہ بھی ممکن ہے کہ کپيلو نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہو۔‘ انہوں نے مزيد کہا کہ کپيلو کے اقدام کے پيش نظر يہ شک بھی کيا جا سکتا ہے کہ وہ Euro 2012 سے قبل ٹيری کی جانب سے ريٹائرمنٹ کے فيصلے سے اجتناب کے ليے ايسا کر رہے ہوں۔ اس کے علاوہ سابق کھلاڑی اور کپتان ايلن شيرئر نے بھی اپنے خيالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متنازعہ ہونے کی حيثيت سے ٹيری کے ليے فٹ بال ايسوسی ايشن کے بيشتر اشتہارات ميں شموليت ايک مسئلہ بن سکتا تھا اور اسی ليے يہ ايسوسی ايشن کی جانب سے درست اقدام ہے۔

انگلينڈ ميں ٹيری کے کيس کی سماعت جولائی ميں ہوگی
انگلينڈ ميں ٹيری کے کيس کی سماعت جولائی ميں ہوگیتصویر: dapd

رپورٹ: عاصم سليم

ادارت: شادی خان سیف