1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ہمارے خلاف دو گول غیر قانونی تھے‘: بارسلونا کے کوچ کا شکوہ

شادی خان سیف24 اپریل 2013

یورپی چیمپیئنز لیگ فٹ بال مقابلوں کے سیمی فائنل میں شکست خوردہ ممتاز ہسپانوی کلب بارسلونا نے کہا ہے کہ جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کے دو گول غیر قانونی تھے۔

https://p.dw.com/p/18Le9
تصویر: PIERRE-PHILIPPE MARCOU/AFP/Getty Images

منگل کی شب جرمن شہر میونخ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں میزبان ٹیم نے بارسلونا کو غیر متوقع طور پر صفر کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست دی۔ بائرن میونخ کے لیے کھیلنے والے جرمن قومی ٹیم کے کھلاڑی تھوماس ملر نے دو گول کیے۔ ان کے ساتھی ماریو گومیز نے ایک جبکہ ہالینڈ کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے والے اسٹار آریئن روبن نے بھی ایک گول کیا۔ بارسلونا کے معاون کوچ Jordi Roura نے مقابلے کے بعد کہا کہ ماریو گومیز گول کرتے وقت آف سائڈ تھے جبکہ روبن کے گول کے موقع پر تھوماس ملر نے بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی کے خلاف فاؤل کھیلا تھا۔

صحافیوں سے بات چیت کے دوران معاون کوچ کا کہنا تھا کہ وہ ریفری حضرات کے بارے میں براہ راست کچھ کہنا نہیں چاہتے تاہم یہ ضرور کہیں گے کہ جرمن کلب نے دو غیر قانونی گول کیے۔ ’’ہم نے اپنے میدان کے علاوہ جہاں بھی کھیلا وہاں ہمارے خلاف قابل اعتراض گول دیے گئے، مگر میں اسے ایک عذر کے طور پر پیش نہیں کرنا چاہتا‘‘۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ جرمن کلب نے اچھا کھیل پیش کیا اور ہسپانوی کلب جرمن ٹیم کے دباؤ کا مقابلہ نہیں کر سکا۔

Champions League 2012/13 Halbfinale FC Bayern München FC Barcelona
بارسلونا کے لیونیل میسی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکےتصویر: PIERRE-PHILIPPE MARCOU/AFP/Getty Images

گزشتہ چار برسوں کے دوران دو بار یورپی فٹ بال چیمپئن شب کا تاج اپنے سر پر سجانے والی بارسلونا کی ٹیم نے اس مقابلے میں مایوس کُن کارکردگی دکھائی۔ یاد رہے کہ خود بائرن میونخ کی ٹیم گزشتہ برس کے فائنل مقابلے میں انگلش کلب چیلسی سے ہار گئی تھی۔ بائرن کے کوچ Jupp Heynckes نے متنازعہ گولوں کے حوالے سے کہا کہ وہ میدان کے باہر بینچ پر بیٹھے ہوئے واضح طور پر یہ نہیں دیکھ پائے کہ آیا واقعی یہ دو گول غیر قانونی تھے۔

اگلا معرکہ اسپین میں

اگلے ہفتے بارسلونا کے ہوم گراؤنڈ پر اس سیمی فائنل کا دوسرا راؤنڈ کھیلا جائے گا، جس میں اگر بارسلونا کی فتح ہوئی تو پھر دونوں مقابلوں میں مجموعی طور پر زیادہ گول کرنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔ بائرن میونخ کے کوچ کا کہنا ہے کہ وہ پہلے راؤنڈ کے نتیجے سے خوش ہیں لیکن بہت زیادہ متاثر نہیں کیونکہ انہیں اسپین میں 90 منٹ تک بارسلونا کے ساتھ سخت مقابلے کی توقع ہے۔

بائرن میونخ کی ٹیم اس برس خاصا اچھا کھیل پیش کر رہی ہے، یہ ٹیم جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کی چیمپئن ہے اور جون میں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کے خلاف جرمن کپ کا فائنل جیتنے کے لیے بھی فیورٹ خیال کی جا رہی ہے۔ چیمپئنز لیگ مقابلوں میں پانچ آفیشلز میدان میں قوانین کے اطلاق کو یقینی بناتے ہیں، ان میں سے ایک مرکزی ریفری، دو سائڈ لائنرز اور دو آفیشلز گول پوسٹس کے پاس کھڑے رہتے ہیں۔ یورپی فٹ بال کے منتظمین کا خیال ہے کہ یہ طریقہء کار گول پوسٹس پر ٹیکنالوجی نصب کرنے سے بہتر ہے۔

(sks/mm(Reuters