یورپی اقتصادی صورتحال پر جیاباؤ اور میرکل کی ٹیلی فونک گفتگو
19 اپریل 2012بدھ کے روز چینی وزیر اعظم نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپی اقتصادیات اور یورو کرنسی کے استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی وہ حمایت کرتے ہیں۔ وین جیا باؤ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں یورو زون کی واحد کرنسی یورو اور یورپی معیشت پر ہمیشہ سے اعتماد رہا ہے۔ چینی وزیر اعظم کے خیال میں عالمی اقتصادی استحکام کے لیے یورپ کا مالیاتی استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
چینی وزیر اعظم نے یورپی معیشت کی مستقبل میں پائیدار بحالی پر یقین کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین یقینی طور پر مالیاتی بحران سے باہر نکل آئے گی۔ جرمن چانسلر کے ساتھ گفتگو کے دوران چین کے وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ان کا ملک انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے لیے مزید رقم کی فراہمی کے علاوہ یورپ کی مالیاتی مدد اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کو بھی توانا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا تا کہ وہ عالمی معاشی منظر نامے میں متحرک اور فعال رہتے ہوئے کلیدی معاملات کا احسن حل ڈھونڈ سکیں۔
اس گفتگو میں جرمن چانسلر نے چینی وزیر اعظم کو ان اقتصادی کوششوں سے آگاہ کیا جو یورپی قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ اس بات چییت کے دوران انگیلا میرکل نے یورپی مالیاتی صورت حال سے بھی چینی لیڈر کو آگاہ کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ یورپی لیڈروں نے مالیاتی بحران کے تناظر میں دیے جانے والے امدادی پیکج کے لیے چین کی جانب سے مالیاتی کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
چینی وزیر اعظم وین جیا باؤ کل جمعے کے روز چار یورپی ملکوں کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ ان کے دورے کی پہلی منزل جرمنی ہے۔ جرمنی پہنچنے کے بعد وزیر اعظم وین جیا باؤ جرمن شہر ہینوور میں شروع ہونے والی انڈسٹریل ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ افتتاحی تقریب اتوار کے روز منعقد کی جائے گی۔ وہ میزبان چانسلر میرکل کے ہمراہ اس بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کریں گے۔ ہینوور کے صنعتی میلے کے حجم کو اس مرتبہ آٹھ فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔
چین اور جرمنی کے اقتصادی روابط میں ایک اور پیش رفت یہ سامنے آئی ہے کہ جرمن کار ساز ادارہ فوکس ویگن چین میں شنگھائی آٹو موٹیو انڈسٹری کارپوریشن کے اشتراک سے ایک پلانٹ قائم کر رہا ہے۔ وولفس برگ میں جرمن کار ساز ادارے کی جانب سے چین کے مغربی علاقے سنکیانگ میں کار سازی کا پلانٹ قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب بھی چینی وزیر اعظم کے دورے کے دوران شیڈیول ہے۔ اس تقریب میں شرکت کے لیے چینی وزیر اعظم اپنے جرمنی کے دورے کے دوران جرمن چانسلر کے ہمراہ جرمن شہر وولفس برگ بھی جائیں گے۔ فوکس ویگن کے ادارے کے چیئرمین مارٹن ونٹرکورن (Martin Winterkorn) نے حال ہی میں اُرمچی کا دورہ مکمل کیا ہے۔
جرمنی کے بعد چینی وزیراعظم آئس لینڈ، پولینڈ اور سویڈن جائیں گے۔
ah/hk (DPA, AFP)