1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ لیگ: ہینوور اور شالکے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں

24 فروری 2012

یورپی فٹ بال کلبوں کے دوسرے اہم ٹورنامنٹ یورپ لیگ میں گروپ آف 32 کے میچوں کا دوسرا راؤنڈ مکمل ہو گیا ہے۔ جرمن فٹ کلبوں ہینوور اور شالکے نے پری کوارٹری فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/149Hb
تصویر: dapd

گزشتہ رات یورپ لیگ کے گروپ آف 32 کے تمام میچوں کے دوسرے راؤنڈ کی تکمیل ہو گئی ہے۔ اس مرحلے کے بعد سولہ ٹیموں نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔جرمن فٹ بال کلب ہینوور کا میچ بیلجیم کے کلب برو گے (Club Brugge) کے ساتھ برو گے شہر میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں ہینوور کو ایک گول سے کامیابی حاصل ہوئی یہ گول افریقی ملک سینیگال سے تعلق رکھنے والے فارورڈ فٹ بالر میم بیرام ڈیاُوف (Mame Biram Diouf) نے پہلے ہاف کے اکیسویں منٹ میں کیا۔ اس گول کا بقیہ تمام وقت میں جرمن کلب نے شاندار انداز میں دفاع کیا۔ پہلے راؤنڈ میں ہینوور نے برو گے کلب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا تھا۔

UEFA Europa League FC Schalke 04 - FC Viktoria Pilsen
شالکے کے کھلاڑی میچ جیتنے کے بعدتصویر: dapd

ایک اور جرمن کلب شالکے کو بھی یورپ لیگ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ شالکے کا میچ اپنے ہوم گراؤنڈ گیلزن کرشن میں کھیلا گیا۔ اس کی مد مقابل ٹیم چیک جمہوریہ کا پلزن(Pilzen) کلب تھا۔ شالکے نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیتا۔ اس سے قبل پہلے راؤنڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

Europa League Club Brugge vs Hannover 96
ہینوور کی کھلاڑی میچ میں کامیابی کے بعدتصویر: picture-alliance/dpa

یورپ میں فٹ بال کلبوں کا سب سے اہم ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد یورپ لیگ آتا ہے۔ دونوں ٹورنامنٹ کا نگران ادارہ یونین آف یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن (UEFA) ہے۔ یہی ادارہ یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کی میزبانی کرتا ہے۔ اس کی رکن یورپی ممالک کی تمام فٹ بال ایسوسی ایشن ہیں۔ کل ترپن ملک اس کے ممبر ہیں۔ اس کا صدر دفتر سوئٹزر لینڈ کے شہر نیوں (Nyon) میں قائم ہے۔

اگلے مرحلے کے پہلے راؤنڈ کے میچوں کا آغاز آٹھ مارچ کو ہو گا اور دوسرے راؤنڈ کی تکمیل ایک ہفتے بعد یعنی پندرہ مارچ کو ہو جائے گی۔ تمام ٹیموں کو ایک بار اپنے ہوم گراؤنڈ اور دوسری مرتبہ اپنی مخالف ٹیم کے میدان میں کھیلنا ہوتا ہے۔

روپورٹ: عابد حسین

ادارت: عدنان اسحاق