یورپ لیگ: ہینوور فتح مند اور شالکے کا میچ برابر
17 فروری 2012جرمن شہر ہینوور میں مقامی فٹ بال کلب کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں مہمان ٹیم کے ایک گول کی سبقت اور برتری کا سامنا تھا۔ بیلجیم کے فٹ بال کلب بروژ (Club Brugge) نے یہ گول دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں کیا۔ پہلا ہاف بغیر کسی ٹیم کے گول کے ختم ہوا تھا۔ اس گول کے بعد جر من کلب نے میچ کے 73 ویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کردیا۔ یہ گول پولینڈ سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی آرتھر سوبیش (Artur Sobiech) نے کیا۔ اس کے بعد 80 ویں منٹ میں پنلٹی ککس پر جرمن کلب کو برتری حاصل ہو گئی اور یہی گول فتح کا باعث بنا۔ اب اگلی جمعرات کو جرمن کلب بیلجیم کے شہر برُوژ (Bruges) میں دوسرے مرحلے کا میچ کھیلے گا۔
یورپ لیگ کے گروپ آف 32 کے مرحلے میں ایک اور جرمن کلب نے اپنا میچ چیک جمہوریہ کے شہر پلزن (Pilsen) میں کھیلا۔ جرمن کلب شالکے نے میزبان کلب کے ساتھ یہ میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابری پر ختم کیا۔ چیک جمہوریہ کے فٹ بال کلب کو میچ کے پہلے ہاف کے 22 ویں منٹ میں برتری حاصل ہو گئی تھی اور اس کو شالکے نے دوسرے ہاف میں برابر کیا۔ چیک جمہوریہ کے فٹ بال کلب کے لیے گول ولادی میر ڈاریڈا (Vladimír Darida) نے کیا اور شالکے کی جانب سے گول ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کلاس ژان ہُنٹے لار (Klaas-Jan Huntelaar) نے کیا۔
یورپ لیگ کے موجودہ مرحلے میں کل بتیس ٹیمیں شریک ہیں۔ اگلی جمعرات کو ان میں سے سولہ ٹیمیں فارغ ہو جائیں گی اور ایک طرح سے یورپ لیگ کے پری کوارٹر فائنل کے لیے ٹیمیں سامنے آ جائیں گی۔ پری کوارٹر فائنل کے لیے میچ آٹھ اور پندرہ مارچ کو کھیلیں جائیں گے۔ کوارٹر فائنل مرحلے کے میچ بھی مارچ ہی میں ہوں گے جبکہ سیمی فائنل کے لیے تمام میچ اپریل میں مکمل ہوں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ نو مئی کو شیڈیول کیا گیا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شادی خان سیف