1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونس خان میانداد سے آگے

افسر اعوان13 اکتوبر 2015

پاکستانی بیٹسمین یونس خان نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ اپنے ہم وطن جاوید میانداد کا 22 سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے یونس خان ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1GnNi
تصویر: Getty Images/G. Copley

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج 13 اکتوبر کو ابوظہبی میں شروع ہوا۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے دن کے اختتام تک پاکستان نے 286 رنز بنائے جبکہ اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ آج کے دن کی اہم ترین بات یونس خان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے ٹیسٹ کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنا رہا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف بیٹمیسن جاوید میانداد نے ٹیسٹ کرکٹ میں 8832 رنز بنا کر پاکستان کے ٹاپ اسکورر تھے مگر آج یہ اعزاز ان سے یونس خان نے حاصل کر لیا ہے۔ یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز راولپنڈی میں 2000ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے کیا تھا۔ اس میچ کی دوسری اننگز میں یونس نے 107 رنز اسکور کر کے پاکستان کو مہمان ٹیم پر دو وکٹوں سے کامیابی دلائی تھی۔

خیال رہے کہ یونس خان سے قبل پاکستان کے ایک اور مایہ ناز بیٹمسین انضمام الحق بھی جاوید میانداد کے ریکارڈ کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔ 2007ء میں اپنے آخری ٹیسٹ اننگز میں انضمام جب جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلتے ہوئے تین رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تو وہ جاوید میانداد کے اسکور سے محض دو رنز دور تھے۔

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز راولپنڈی میں 2000ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے کیا تھا
یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز راولپنڈی میں 2000ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے کیا تھاتصویر: N. Naamani/AFP/Getty Images

یونس خان نے پہلی اننگز میں 38 رنز اسکور کیے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کی ایک اور اہم بات شعیب ملک کے شاندار اور ناقابل شکست 124 رنز بھی رہے۔ شعیب ملک کے ساتھ اسد شفیق بھی کریز پر موجود ہیں اور انہوں نے 11 رنز بنا رکھے ہیں۔

پاکستانی اوپنر بیٹمسین محمد حفیظ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹمسین رہے تاہم وہ اس حوالے سے بدقسمت رہے کہ سنچری مکمل ہونے سے قبل وہ نروس نائٹی کا شکار ہوئے اور 98 رنز پر آؤٹ ہوئے۔