1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

6.1 شدت کا زلزلہ، پاکستان اور افغانستان لرز اٹھے

افسر اعوان خبر رساں ادارے
31 جنوری 2018

پاکستان اور افغانستان میں آج بدھ 31 جنوری کو آنے والے زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث ہزاروں افراد گھروں سے باہر نکل آئے۔ پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 تھی۔

https://p.dw.com/p/2roK8
Karte Erdbeben Afghanistan 31. Januar 2018 DEU ENG

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے امریکی جیولوجیکل سروے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر 6.1 کی شدت کے اس زلزلے کا مرکز ہندوکش کے علاقے میں 191.2 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق زلزلے کے ان جھٹکوں کا مرکز پاکستان کا شمال مغربی شہر چترال تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستانی صوبہ بلوچستان میں زلزلے کے سبب ایک گھر کی چھت گرنے کے نتیجے میں ایک شیر خوار بچی کی ہلاکت ہوئی ہے جب کہ اس کے خاندان کے نو دیگر افراد زخمی ہوئے۔

پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 تھی۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق بھی ملک کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں زلزلے کے سبب مکانوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

دوپہر کے وقت آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے افغان دارالحکومت کابل میں بھی محسوس کیے گئے تاہم وہاں سے کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ڈی پی اے کے مطابق دونوں ممالک کے حکام زلزلے کے سبب ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگا رہے ہیں۔

Pakistan Erdbeben Zerstörung in Mingaora
اکتوبر 2015ء میں آنے والے 7.5 کی شدت کے زلزلے کے سبب پاکستان افغانستان اور بھارت میں چار سو افراد ہلاک جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے تھے۔ تصویر: Reuters/H. Ali Bacha

اسی علاقے میں اکتوبر 2015ء میں آنے والے 7.5 کی شدت کے زلزلے کے سبب پاکستان افغانستان اور بھارت میں چار سو افراد ہلاک جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر ہلاکتیں 248 پاکستان میں ہوئی تھیں اور صرف پاکستان کی شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا میں 202 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آج 31 جنوری کو آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی محسوس کیے گئے۔ عالمی وقت کے مطابق صبح سات بجکر سات منٹ پر آنے والے اس زلزلے کے سبب کابل میں ہزاروں افراد اپنے گھروں اور دکانوں سے نکل کر کھلی جگہوں پر جمع ہو گئے۔ افغانستان کے ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے کے ترجمان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ابھی تک افغانستان میں اس زلزلے کے سبب کسی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔