1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آخری میچ سری لنکا لیکن سیریز پاکستان کے نام

عاطف بلوچ26 جولائی 2015

پاکستان اور سری لنکا کے مابین پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ہمبنتوتا میں کھیلے گئے آخری میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 165 سے مات دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1G4xu
دلشان ایک روزہ میچوں میں دس ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیںتصویر: Getty Images/MAL FAIRCLOUGH

اس میچ میں ناکامی کے باوجود پاکستان نے یہ سیریز دو کے مقابلے میں تین میچوں سے جیت لی ہے۔ اتوار کے دن ہمبنتوتا کے مقام پر کھیلے گئے اس آخری میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 368 رنز بنا ڈالے۔ جس کے جواب میں پاکستان کی تمام ٹیم اڑتیسویں اوور میں 203 کے اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

اس میچ کی اہم بات سری لنکن اوپنر کوشل پیریرا کی شاندار سنچری رہی۔ انہوں نے مخصوص انداز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 166 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے۔

پیریرا اور دلشان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 164 رنز کی شراکت داری کی اور یوں سری لنکا کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔ دلشان نے اپنی محتاط اننگز میں باسٹھ رنز بنائے۔ اس طرح وہ ایک روزہ میچوں میں دس ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

سری لنکن بلے باز اس سیریز میں شکست کے باوجود اس آخری میچ میں تازہ دم نظر آئے اور انہوں نے پاکستانی بولرز کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا۔ یہ اس سیریز کا پہلا میچ تھا، جس میں پاکستانی بولرز کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

سری لنکن کپتان اینجلوز میتھیوز نے بھی شاندار بلے بازی کی اور 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آخری اوورز میں میتھیوز کے ساتھ سری وردنا نے بھی شاندار اسٹروکس کھیلے اور وہ باون کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے راحت علی واحد بولر تھے جنہوں نے وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے دس اوورز میں 74 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سری لنکا کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

Cricket Muhammad Hafeez
پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز محمد حفیظ رہے، جنہوں نے 37 رنز بنائےتصویر: AP

پاکستان نے جب ایک پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو سری لنکن بولرز نے انہیں کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ اکاون رنز پر اُس وقت گری جب احمد شہزاد سنانائیکا کی ایک گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔

اس کے بعد کپتان اظہر علی رن آؤٹ ہو گئے اور بعد ازاں تمام کھلاڑی وقفے وفقے سے پویلین کی طرف لوٹتے رہے۔ پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز محمد حفیظ رہے، جنہوں نے 37 رنز بنائے۔

سری لنکا کی طرف سے سنانائیکا نے تین جبکہ پیریرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کا بہترین کھلاڑی کوشل پیریرا کو قرار دیا گیا۔

اب پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں آمنے سامنے آئیں گے۔ پہلا میچ تیس جولائی کو جبکہ دوسرا میچ یکم اگست کو کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں میچ کولمبو میں منعقد کیے جائیں گے۔