آسٹریلوی بیٹسمین فِل ہیُوز گیند لگنے سے شدید زخمی
25 نومبر 2014آسٹریلوی بیٹسمین فِلپ جوئل ہیُوز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر شیفیلڈ شیلڈ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔ یہ میچ جنوبی آسٹریلیا اور نیو ساؤتھ ویلز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔ آسٹریلیا میں فرسٹ کلاس کرکٹ کا مُلکی ٹورنامنٹ شیفیلڈ شیلڈ کہلاتا ہے۔ وہ اپنی ٹیم جنوبی آسٹریلیا کی جانب سے کھیل رہے تھے۔ جب اُن کا اسکور تریسٹھ ہوا تو مخالف ٹیم نیوساؤتھ ویلز کے تیز بالر شین ایبٹ کی گیند ضرورت سے زیادہ خطرناک انداز میں اٹھی اور اُن کے ہیلمٹ پر جا لگی۔
شارٹ پچ بال فِل ہیُوز کے ہیلمٹ کو توڑتے ہوئے سر پر لگی اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔ گیند لگنے کے بعد وہ پہلے کھڑے کھڑے جھول سے گئے اور پھر مُنہ کے بَل پِچ پر گِر پڑے۔ ابتدائی طبی امداد فوری طور پر گراونڈ سے باہر اسٹریچر پر ڈالے ہوئے دی گئی۔ لیکن گراؤنڈ میں موجود ڈاکٹر نے فوری طور پر ہیُوز کو ہسپتال پہنچانے کا مشورہ دیا۔ ہسپتال لے جانے کے لیے ہیلی کاپٹر بھی طلب کر لیا گیا لیکن بذریعہ ایمبیولینس اُن کو فوری طور پر سینٹ وِنسنٹ ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں اُن کے سر پر لگنے والی چوٹ کی ہنگامی سرجری کی گئی۔
ہسپتال کے ترجمان ڈیوڈ فیکٹر کے مطابق آپریشن تھیٹر میں سرجری کے بعد اب فِل ہیُوز کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا لیکن اُن کی مجموعی حالت تسلی بخش نہیں اور تشویش ناک ہے۔ ڈیوڈ فیکٹر کے مطابق آپریشن کے بعد اب مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق وہ کومے میں ہیں۔ نگرانی میں اُن کے دماغ پر خون بہنے کے بعد جو دباؤ پیدا ہو چکا ہے، اُس کو ریلیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ساؤتھ آسٹریلین کرکٹ کے ٹِم نیلسن نے ہیُوز کی فیملی کی جانب سے بیان جاری کیا۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن کے حوالے سے کچھ بھی اگلے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں ہی معلوم ہو سکے گا۔
فِل ہیُور کو تیز بالر شین ایبٹ کی شارٹ پِچ گیند سر پر لگی تھی۔ اِس واقعے کے بعد نیو ساؤتھ ویلز اور جنوبی آسٹریلیا کے میچ کو ایک دن کے لیے منسوخ کر دیا گیا۔ زخمی ہونے والے بیٹسمین افتتاحی بلے باز کے طور پر ٹیم میں شرکت کرتے ہیں۔ وہ اب تک آسٹریلیا کے لیے چھبیس ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ اس میں تین سینچریاں اور تین نصف سینچریاں شامل ہیں۔ ان کا مجموعی اسکور دو ہزار 866 ہے۔ اُن کی عمر پچیس برس ہے۔