آسکر ایوارڈز کی تقریب، بہترین فلم ’آرگو‘
25 فروری 2013امریکی شہر لاس اینجلس کے کوڈک ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوئی 85ویں آسکر ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں ہالی ووڈ کے متعدد ستارے موجود تھے۔ تقریب انعامات کے ساتھ ساتھ متعدد نامور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرے کرتے ہوئے لوگوں کے دل جیت لیے۔
بہترین فلم کے نام کا اعلان امریکی خاتون اول میشل اوباما نے کیا۔ انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس برس بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ آرگو نے جیت لیا ہے۔ اس فلم میں ہدایتکار و اداکار بین ایفلیک نے سی آئی اے کے ایجنٹ ٹونی مینڈیز کا کردار ادا کیا ہے۔
اتوار کی رات انعامات کی اس تقریب میں اسٹیون اسپیل برگ کی فلم ’لنکن‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر پچپن سالہ ڈینیل ڈے لوئیس کو بہترین ادکار جبکہ Silver Linings Playbook میں نمایاں کردار ادا کرنے والی بائیس سالہ جینیفر لارنس کو بہترین اداکارہ کے انعام سے نوازا گیا ہے۔ جینیفر لارنس نے اس انعام کے ساتھ ہی کم عمر ترین آسکر انعام یافتہ بہترین اداکارہ بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ڈینیل ڈے لوئیس ایسے پہلے اداکار بن گئے ہیں جنہوں نے بہترین اداکار کے طور پر تین مرتبہ آسکر ایواڈ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
تائیوان میں پیدا ہونے والے فلمساز آنگ لی نے اپنی فلم ’لائف آف پائے‘ پر بہترین ہدایتکار کا انعام حاصل کیا ہے۔ مجموعی طور پر یہ ان کا دوسرا آسکر ایوارڈ ہے۔ لائف آف پائے کو بہترین فلم کی کیٹیگری کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر گیارہ کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔ اٹھاون سالہ لی نے 2006ء میں اپنی فلم Brokeback Mountain پر بھی بہترین ہدایتکار کی کیٹیگری میں آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
بہترین معاون اداکار کا آسکر ایوارڈ کرسٹوف والٹز کے نام رہا۔ انہیں فلم Django Unchained میں اداکاری کےجوہر دکھانے پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اسی طرح بہترین معاون اداکارہ کا انعام این ہیداوے کو دیا گیا۔ انہوں نے طویل فلم Les Miserables میں اگرچہ ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا ہے تاہم ان کی عمدہ پرفارمنس نے نہ صرف فلم بینوں بلکہ آسکر جیوری کا دل بھی جیت لیا۔
بہترین اینیمیٹڈ شارٹ فلم Paperman رہی جبکہ Brave کو بہترین اینیمیٹیڈ فیچر فلم کے لیے آسکر انعام سے نوازا گیا۔ آسکر کی تقریب میں بہترین سنیماٹو گرافی کا ایوارڈ ’لائف آف پائے‘ کے حصے میں آیا جبکہ بہترین بصری تاثرات کا انعام بھی اسی فلم کو ملا۔ اسی طرح پراڈکشن ڈیزائن کا آسکر ’لنکن‘ کو ملا ہے۔
دیگر فلمیں جنہیں اتوار کی رات آسکر انعام سے نوازا گیا
بہترین غیر ملکی فلم: آرمور
ایڈاپٹڈ اسکرین پلے:آرگو
اوریجنل اسکرین پلے: جانگو اَن چینڈ
ساونڈ مکسنگ: لا میزریبل
ساؤنڈ ایڈیٹنگ: اسکائی فال اور زیرو ڈارک تھرٹی
اوریجنل اسکور: لائف آف پائے
اوریجنل سونگ: سکائی فال
کاسٹیوم ڈائزائن: اینا کرینینا
دستاویزی فیچر فلم: سرچنگ فار شوگر مین
فلم ایڈیٹنگ: آرگو
میک اپ اینڈ ہیئر اسٹائل: لا میزریبل
لائیو ایکشن شارٹ فلم: کرفیو
(ab/ng(AFP,Reuters, AP