1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آیا صوفیہ کے بعد ترکی نے ایک اور سابق کلیسا مسجد میں بدل دیا

22 اگست 2020

ترکی میں ایردوآن حکومت نے استنبول میں تاریخی آیا صوفیہ کے بعد جمعہ اکیس اگست کو ایک اور سابق بازنطینی کلیسا بھی باقاعدہ طور پر مسجد میں بدل دیا۔ چوتھی صدی عیسوی میں تعمیر کیا گیا یہ سابق چرچ بھی استنبول میں واقع ہے۔

https://p.dw.com/p/3hLCS
صدیوں پرانا یہ سابقہ چرچ اپنی اندرونی دیواروں پر بنائے گئے نقش و نگار اور فریسکو پینٹنگز کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہےتصویر: Getty Images/AFP/B. Kilic

ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول سے ہفتہ بائیس اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس سابق بازنطنی کلیسا اور موجودہ چرچ کو صدر رجب طیب ایردوآن کی حکومت نے آیا صوفیہ کو باقاعدہ مسجد بنا دینے کے فیصلے کے تقریباﹰ ایک ماہ بعد ایک مسلم عبادت گاہ بنا دیا۔

آیا صوفیہ ایک ایسی عمارت ہے جو ماضی میں صدیوں تک مسجد بھی رہی ہے اور ایک کلیسا بھی۔ ایک ماہ پہلے تک وہ گزشتہ کئی عشروں سے ایک میوزیم تھی۔

استنبول شہر کی پہچان بن جانے والی اس تاریخی عمارت کو ایک مسلم عبادت گاہ میں بدل دینے کے فیصلے کی مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد کی طرف سے تو تعریف کی گئی تھی لیکن بین الاقوامی سطح پر اس اقدام پر بہت سخت تنقید بھی کی گئی تھی۔

Türkei Istanbul | Kirche des St. Saviours | Chora
استنبول میں بازنطینی دور کا یہ سابق کلیسا، جو اب تک ایک میوزیم تھا، شہر کے قدیمی حصے کی دیواروں کے پاس واقع ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Bildagentur-online/Tetra Images

ترک سرکاری گزٹ میں اعلان

ترکی کے سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے ایک فیصلے کے مطابق صدر رجب طیب ایردوآن کے ایک حکم کے تحت استنبول شہر کے انگریزی میں کورا یا ترک زبان میں 'کوریے‘ کہلانے والے علاقے میں قائم چرچ آف سینٹ سیویئر کو ترک مذہبی مقتدرہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ مذہبی اتھارٹی اب اس عمارت کو بہ طور مسجد مسلم عبادت گزاروں کے لیے کھول دے گی۔

استنبول ہی میں واقع آیا صوفیہ کی طرح یہ سابقہ چرچ اور موجودہ میوزیم ماضی میں صدیوں تک بدل بدل کر مسجد اور کلیسا دونوں ہی رہا ہے۔

اب دوبارہ مسجد بنائے جانے سے قبل عشروں تک یہ ایک عجائب گھر تھا۔ فی الحال ترک حکام نے یہ نہیں بتایا کہ اس میوزم کو عملاﹰ مسجد میں بدل کر وہاں نماز کی ادائیگی کب سے شروع کی جائے گی۔

استنبول کے قدیمی حصے کے دیواروں کے پاس واقع چرچ

استنبول میں یہ سابق کلیسا شہر کے قدیمی حصے کی دیواروں کے پاس قائم ہے۔ یہ اپنی اندرونی دیواروں پر بنائے گئے نقش و نگار اور مذہبی تصویروں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔

کہا جاتا ہے کہ یہ مسیحی عبادت گاہ چوتھی صدی عیسوی میں تعمیر کی گئی تھی۔ تاہم اس کی موجودہ عمارت کے باہر لگی تختی کے مطابق یہ چرچ گیارہویں یا بارہویں صدی عیسوی میں تعمیر کیا گیا تھا۔

سلطنت عثمانیہ کے دور میں اس کلیسا کو مسجد بنا دیا گیا تھا۔ پھر جدید ترک ریاست کے قیام کے تقریباﹰ دو عشرے بعد اسے 1945ء میں ایک میوزیم کی حیثیت دے دی گئی تھی۔

آیا صوفیہ کی طرح گزشتہ سال ایک عدالتی فیصلے میں اس عمارت کی میوزیم کے طور پر حیثیت بھی منسوخ کر دی گئی تھی، جس کے بعد اس کے کل جمعہ اکیس اگست کو پھر ایک مسجد میں بدل دیے جانے کی قانونی راہ ہموار ہو گئی تھی۔

’اقوام متحدہ کے چارٹر کی نفی‘

آیا صوفیہ کی قانونی حیثیت تبدیل کیے جانے پر ردعمل کی طرح، کوریے چرچ کی حیثیت بدلے جانے پر بھی یونانی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں اس عمل کی سخت مذمت کی ہے۔

اس بیان کے مطابق، ’’ترک حکومت کا یہ اقدام بھی اقوام متحدہ کی عالمی ثقافتی میراث قرار دیے گئے تاریخی اثاثوں کی فہرست میں شامل ایک اور ورثے کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی ایسی کوشش ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی ایک سفاکانہ نفی ہے۔‘‘

یونانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے، ’’یہ تمام باعقیدہ مسیحیوں کی تذلیل ہے۔ ہم ترکی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آج کی 21 ویں صدی میں واپس لوٹ آئے اور مذاہب اور تہذیبوں کے مابین باہمی احترام کے اصول اور مکالمت کی راہ پر چلے۔‘‘

م م / ع ب (اے پی، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں