1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

ندیم گِل10 جولائی 2014

فٹ بال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹائن نے ہالینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ میچ کا فیصلہ پینلٹیز پر ہوا۔ ارجنٹائن فائنل میں جرمنی کا سامنا کرے گا جو برازیل کو مات دیتے ہوئے فائنل میں پہنچا تھا۔

https://p.dw.com/p/1CZ9M
تصویر: Reuters

دوسرے سیمی فائنل کے لیے ارجنٹائن اور ہالینڈ کی ٹیمیں بدھ کو برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں میدان میں اتریں۔ مقرر وقت کے بعد اضافی وقت میں بھی کوئی گول نہ ہونے کی وجہ سے میچ کا فیصلہ نہ ہو سکا تو نتیجہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر چھوڑ دیا گیا۔

پہلی پینلٹی کِک ہالینڈ نے لگائی تاہم گول نہ ہو سکا۔ یوں اس مرحلے کے آغاز پر ہی ارجنٹائن کا پلڑا بھاری ہو گیا۔ بعد ازاں ارجنٹائن کے گول کیپر سیرگیو رومیرو نے ہالینڈ کی جانب سے لگائی گئی ایک اور پینلٹی کِک روک لی۔ اس کے برعکس ارجنٹائن نے مسلسل چار پینلٹیز پر گول اسکور کر کے فیفا ورلڈ کپ میں ہالینڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہالینڈ نے دو گول کیے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پینلٹیز سے قبل دو گھنٹے کے کھیل میں دونوں ٹیموں نے دفاعی حکمتِ عملی اختیار کیے رکھی۔ فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سیمی فائنل کے کسی میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کی بنیاد پر ہوا۔

Fußball WM 2014 Halbfinale Niederlande Argentinien
ارجنٹائن کے گول کیپر سیرگیو رومیرو نے ہالینڈ کی جانب سے لگائی گئی دو پینلٹی کِکس روک لیںتصویر: Reuters

ہالینڈ کے کھلاڑی مقررہ ڈیڑھ گھنٹے میں ارجنٹائن کی گول پوسٹ پر کوئی بھی حقیقی معنوں میں خطرناک حملہ کرنے میں ناکام رہے جبکہ آرین روبن کی جانب سے آخری لمحات میں کی گئی ایک کوشش کو ارجنٹائن کے خاویئر ماسکرانو نے کمال مہارت سے روک دیا۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ہالینڈ کی ٹیم مسلسل دوسرے میچ میں کوئی بھی گول نہ کر پائی۔ اس سے قبل کوسٹا ریکا کے خلاف کوارٹر فائنل کا فیصلہ بھی پینلٹیز پر ہوا تھا۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ارجنٹائن نے بھی ہالینڈ کی گول پوسٹ پر کوئی قابلِ ذکر حملہ نہیں کیا۔ اس صورتِ حال کے تناظر میں ارجنٹائن کو تیسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

ارجنٹائن بیلجیم کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔ 1990ء کے بعد ارجنٹائن نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا کوئی سیمی فائنل کھیلا ہے۔ یوں دو دہائیوں سے بھی زائد عرصے بعد ملنے والے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے فائنل میں بھی جگہ بنائی ہے۔

ارجنٹائن اتوار کو ریو ڈی جینیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں جرمنی کا سامنا کرے گا۔ جرمنی اور ارجنٹائن اس سے قبل 1986ء اور 1990ء میں بھی ورلڈ کپ کے فائنل میچ کھیل چکے ہیں۔ پہلی مرتبہ ارجنٹائن فاتح رہا تھا جبکہ دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جرمنی نے جیتا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ٹیمیں تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں مدِ مقابل ہوں گی۔ تیسری پوزیشن کے لیے ہفتے کو برازیلیہ میں ہالینڈ اور برازیل کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید