اسرائیل: سیناگاگ میں اسٹینڈ گرنے سے دو افراد ہلاک
17 مئی 2021اسرائیلی طبی عملے کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں واقع ایک سیناگاگ میں اتوار کے روز پیش آنے والے حادثے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور تقریباً 160دیگرافراد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
اسرائیلی ریسکیو سروسز کے ترجمان میگن ڈیوڈ ایڈوم نے اسرائیل کے سرکاری ٹیلی ویزن چینل کان کو بتایا کہ گیوت زیو میں واقع سیناگاگ کا سیٹنگ اسٹینڈ منہدم ہو گیا۔ یہ حادثہ یہودیوں کے اہم تہوار شاعوت کے آغا ز پر اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں یہودی عبادت کے لیے جمع ہوئے تھے۔ اس حادثے میں ”ایک چالیس سالہ شخص اور ایک بارہ سالہ بچے" کی موت ہوگئی۔
میگن ڈیوڈ ایڈوم نے کہا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سینکڑوں افراد یہودیوں کے تہوار شاعوت میں شرکت کے لیے جمع ہوئے تھے۔
زیر تعمیر سیناگاگ
انہوں نے مزید کہا کہ گیوت زیو میں واقع سیناگانگ میں یہ ڈھانچہ ابھی زیر تعمیر تھا۔
مقامی پولیس کے کمانڈر ڈورون ٹورگیمین نے جائے حادثہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ”اس عمارت میں عبادت کرنے پر پابندی عائد تھی۔"
اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے ٹوئٹر پر کہا ”میری دلی ہمدردی متاثرین کے ساتھ ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ فوج راحت کاموں میں مدد کر رہی ہے۔
جائے حادثہ پر امدادی کارکنوں کو زخمیوں کی مرہم پٹی کرتے ہوئے اور زیادہ زخمی افراد کو ہسپتال لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
شاعوت موسم بہار میں فصلوں کی کٹائی کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ یہودی کلینڈر میں اسے اس لحاظ سے بھی اہمیت حاصل ہے کہ کہا جاتا ہے کہ جبل الطور پر پیغمبر موسی کو اسی دن تورات دی گئی تھی۔ روایتی طورپر اس روز یہودی عقیدت مند پوری رات تورات کی تلاوت کرتے ہیں۔
یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند ہفتے قبل ہی شمالی اسرائیلی میں ایک مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے 45 انتہائی قدامت پسند یہودی ہلاک ہو گئے تھے۔
29 اپریل کو پیش آنے والا یہ حادثہ اسرائیلی تاریخ میں ملک کی بد ترین شہری تباہی تھی۔ حالانکہ انتظامیہ نے صرف محدود تعداد میں لوگوں کو اس تقریب میں شرکت کی اجازت دی تھی لیکن ملک کے طاقت ور قدامت پسند یہودی سیاست دانوں نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر دباو ڈال کر شرکاء کی تعداد اور دیگر پابندیوں کو ختم کرا دیا تھا اور اس میں ایک لاکھ سے زائد یہودی شریک ہوئے تھے۔
الزامات کاسلسلہ
اس حادثے کے بعد اسرائیلی حکام کی جانب سے الزامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
گیوت زیو کے میئر نے کہا کہ عمارت ابھی نا مکمل اور خطرناک تھی اور پولیس نے کارروائی کرنے کے حوالے سے تمام ہدایات کو نظر انداز کر دیا تھا۔ دوسری طرف یروشلم کے پولیس سربراہ ڈورون ٹورگیمین کا کہنا ہے یہ حادثہ ”عدم توجہی" کا کیس ہے اور اس سلسلے میں کچھ لوگوں کی گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔
ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)