1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی اور ایرانی فلم سازوں کی مشترکہ پیشکش ’تاتامی‘

4 ستمبر 2023

دونوں ممالک کے فلم سازوں کی مشترکہ پیشکش میں ایک دوسرے کے حوالے سے پائی جانی والی غلط فہمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس مشترکہ فلم کو دونوں ملکوں کے عوام میں تعلقات بڑھانے کی طرف ایک ’انقلابی‘ قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4VwoK
Frankreich Cannes Filmfestival | Zar Amir Ebrahimi - Preis für beste Schauspielerin
تصویر: Vianney Le Caer/Invision/AP/dpa/picture alliance

اطالوی شہر وینس نےاسرائیلی اور ایرانی فلم سازوں کے مابین تعاون کے ایک بے مثال مظاہرے کی میزبانی کی۔ دونوں حریف ممالک کے فلم سازوں کا کہنا ہے کہ ان کے ممالک کی حکومتوں کے مابین مماثلتیں بھی ہیں اور امید ہے کہ وہ دونوں کے عوام کے مابین زیادہ اتحاد اور اتفاق کے لیے ایک مثال قائم کر سکتے ہیں۔

 وینس فلم فیسٹیول کے Orizzonti یا 'افق‘ نامی سیکشن میں ایک ایرانی جوڈو سٹار  'تاتامی‘ کی کہانی بیان کی گئی، جو بین الاقوامی مقابلے میں کبھی بھی کسی اسرائیلی کھلاڑی کا سامنا نہ کرنے کے بارے میں اپنے وطن کی حکومت کے ضوابط کو مسترد کرتا ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری ایوارڈ یافتہ ایرانی اداکارہ زار امیر اور اسرائیل کے گائے نیٹیو نے مشترکہ طور پر کی۔ زار امیر نے اس فلم میں خود بھی ایک جوڈو ٹرینر کا کردار ادا کیا ہے اور نیٹیو اسرائیل کی سابق وزیر اعظم گولڈا میئر کی حال ہی میں پیش کی جانے والی فلمی سوانح عمری 'گولڈا‘ کی ہدایت کاری کے باعث کافی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔

Berlinale 2023/Golda
گائے نیٹیو کی جانب سے اسرائیل کی سابق وزیر اعظم گولڈا میئر کی حال ہی میں پیش کی جانے والی فلمی سوانح عمری 'گولڈا‘ کا ایک سینتصویر: Jasper Wolf

امیر کا کہنا تھا، ''مجھے اسکول میں ہمیشہ سکھایا گیا کہ اسرائیل کا کوئی وجود نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے اے ایف پی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ''ہمیں ایک ساتھ کام کرنے، ملنے، دوست بنانے یا اس خیالی دشمن سے مقابلہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔‘‘

اب فرانس میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی زار امیر نے گزشتہ سال کن فلمی میلے میں 'ہولی اسپائڈر‘ نامی فلم میں بطور صحافی ایران کے مقدس شہر مشہد میں جسم فروش خواتین کے ایک سیریل کِلر کا سراغ لگانے والے اپنے کردار کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا تھا۔ امیر نے مزید کہا، ''ایران میں فلم ساز درحقیقت سچ نہیں بول سکتے۔ وہ ان موضوعات پر کام تو کر سکتے ہیں لیکن یہ کام ریاستی پابندیوں کی وجہ سے ہمیشہ آدھا سچ ہوتا ہے۔‘‘

ایران میں فلم سازوں کے خلاف کریک ڈاؤن گزشتہ ماہ ایک بار پھر اس وقت مزید واضح ہو گیا تھا،  جب ہدایت کار سعید روسطائی کو مبینہ طور پر ان کی فلم 'لیلیٰ برادرز‘ کی گزشتہ سال 'بغیر اجازت‘ نمائش کرنے پر چھ ماہ کی معطل سزائے قید سنا دی گئی تھی۔

گائے نیٹیو نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان مماثلتیں بھی ہیں۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا، ''آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اسرائیل اور ایران میں ایک ہی قسم کا انقلاب چل رہا ہے۔ اسرائیل میں یہ بینجمن نیتن یاہو کی جمہوریت مخالف سرگرمیوں کے خلاف  ہے۔ یہ حکومت بہت ہی انتہا پسند ہے۔‘‘

Cannes Holy Spider | Mehdi Bajestani , Zar Amir Ebrahimi und Regisseur Ali Abbasi
ایوارڈ یافتہ ایرانی اداکارہ زار امیر فرانس میں جلا وطنی کی زندگی گزار رہی ہیںتصویر: Shootpix/ABACA/picture alliance

امیر نے کہا کہ وہ ایران میں خواتین کے لباس سے متعلق سخت ضوابط کو توڑنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد ملک کی اخلاقی پولیس کی حراست میں ہلاک ہونے والی مہسا امینی کی موت کے بعد ایک سال قبل ایران میں شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے بارے میں 'پُرامید‘ ہیں۔

انہوں نے کہا، ''میرے خیال میں خواتین اپنے حالات کو بدلنے کے عمل سے گزر رہی ہیں اور انہیں پیچھے ہٹنے کی ضرورت بالکل نہیں ہے۔ میں ان کی بہادری سے متاثر ہوں، خاص طور پر نوجوان نسل کی حمایت جاری ہے اور مرد بھی خواتین کی حمایت کر رہے ہیں۔ یہ بالکل نئی بات ہے۔‘‘

دوسری طرف گائے نیٹیو نے کہا، ''تاتامی جو اگلے سال ریلیز ہونے والی ہے، اسرائیل میں پہلے ہی ایک گرما گرم موضوع بنی ہوئی ہے۔‘‘ ان کے مطابق، ''میں حکومت کے بارے میں بات نہیں کر رہا۔ لیکن  لوگ اس تعاون کو ایک انقلابی تبدیلی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ امید ہے کہ اس سے اسرائیلی باشندوں اور ایرانی عوام کے مابین مزید تعاون کی راہیں کھلیں گی۔‘‘

ش ر ⁄  م م (اے ایف پی)