1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کے ’انفراسٹرکچر‘ پر حملہ

27 دسمبر 2024

اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے شام اور لبنان کی سرحد پر حزب اللہ کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے سے ایک دن قبل لبنانی فوج نے اسرائیل پر لبنان کی خود مختاری پر حملے کا الزام لگایا تھا۔

https://p.dw.com/p/4od4U
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ نے شام اور لبنان کی سرحد پر حزب اللہ سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا ہے
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ نے شام اور لبنان کی سرحد پر حزب اللہ سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا ہےتصویر: Jack Guez/AFP/Getty Images

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے آج بروز جمعہ شامی لبنانی سرحد پر واقع ینطا گاؤں کے قریب حزب اللہ کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیے جانے والے 'انفراسٹرکچر‘ کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''آج اسرائیلی فضائیہ نے شام اور لبنان کی سرحد پر ینطا کراسنگ پر شام کے راستے لبنان میں دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کو ہتھیار اسمگل کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔‘‘

اسرائیلی فضائیہ شام سے بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اس کے چھوڑے ہوئی اسلحے کے زخائر کو نشانہ بناتی آئی ہے
اسرائیلی فضائیہ شام سے بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اس کے چھوڑے ہوئی اسلحے کے زخائر کو نشانہ بناتی آئی ہےتصویر: DELIL SOULEIMAN/AFP/Getty Images

اس بیان میں تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ حملے سرحد کی شامی یا لبنانی طرف کیے گئے تھے لیکن یہ اسرائیلی حملہ لبنانی فوج کی طرف سے اسرائیل پر ''لبنانی خود مختاری پر حملہ اور  اس کے جنوبی قصبوں اور دیہات کو تباہ کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی‘‘ کا الزام لگائے جانے کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔

ینطا کے قریب کوئی سرکاری بارڈر کراسنگ پوائنٹ نہیں ہے لیکن یہ علاقہ وہاں سے غیر قانونی بارڈر کراسنگ کے لیے جانا جاتا ہے۔

جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج یو این آئی ایف آئی ایل نے بھی اس علاقے میں اسرائیلی افواج کی طرف سے ''مسلسل تباہی‘‘ مچانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ جمعے کے حملوں کا مقصد حزب اللہ کے ہاتھوں میں جانے والے ہتھیاروں کو روکنا تھا، جس کے ساتھ اس نے ایک سال سے زائد عرصے تک زمینی اور فضائی جنگ لڑنے کے بعد گزشتہ ماہ جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

اسرائیلی فوج جنگ بندی کےباجود جنوبی اسرائیل میں حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بناتی آئی ہے
اسرائیلی فوج جنگ بندی کےباجود جنوبی اسرائیل میں حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بناتی آئی ہےتصویر: Marwan Naamani/ZUMA/picture alliance

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا، ''یہ حملے اسرائیلی فوج کی شام سے لبنان میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی کارروائیوں کو نشانہ بنانے اور حزب اللہ کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے راستوں کو دوبارہ قائم کرنے سے روکنے کی کوششوں کا ایک اضافی حصہ ہیں۔‘‘

اس فوجی بیان میں مزید کہا گیا ہے، ''آئی ڈی ایف جنگ بندی معاہدے میں ہونے والے سمجھوتوں کے مطابق اسرائیلی ریاست کے لیے کسی بھی خطرے کو دور کرنے کے لیے کارروائی جاری رکھے گی۔‘‘

اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین جنگ بندی 27 نومبر کو نافذالعمل ہوئی تھی۔

ش ر ⁄ م م (اے ایف پی، اے پی)

اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین جنگ بندی کن شرائط پر؟