اسٹوڈنٹ آسکر ایوارڈز، جرمن فلم سازوں کے نام
18 ستمبر 2015یاد رہے کہ اسٹودنٹ آسکرز ایوارڈ نوجوان فلم سازوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے بہترین کارگردگی کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ چاتک نے ہیمبرگ میڈیا اسکول میں گریجویشن کے لیے تھیسس کے طور پر ٰفیڈیلٹی (صداقت)‘ نامی فلم تیار کی تھی۔ اسی فلم کو ناقدین نے بھرپور تعریف اور توصیف سے نوازا ہے۔ چاتک نے امریکا کے باہر رہتے ہوئے اس کٹیگری میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ دوسری پوزیشن بھی ایک جرمن ہی کے حصے میں آئی ہے۔
دوسرے نمبر پر آنے والے اسٹوڈنٹ کا نام ڈوسٹن لوزے ہے اور ان کا تعلق جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ اکیڈمی سے ہے۔ ان کی فلم کا نام ’دا لاسٹ وِل (آخری خواہش) ہے۔ اسی طرح تیسری پوزیشن جرمن صوبے لوئیر سیکسنی کے رہائشی فلم ساز نوجوان پیٹرک فل راتھ کو حاصل ہوئی ہے۔ ان کی فلم کا نام ’ایوری تِھنگ وِل بی او کے‘ ہے لیکن ان کا تعلیم آسٹریا کی ویانا فلم اکیڈمی سے ہے۔
ترک نژاد اِیلکر چاتک کی پیدائش برلن میں ہوئی تھی لیکن وہ بعد ازاں استنبول میں مقیم رہے۔ ایلکر نے ٹی وی اور فلم پروڈکشن کی ابتدائی تعلیم بھی برلن سے حاصل کی اور پھر اِسی شعبے میں مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے ہیمبرگ میڈیا اسکول میں داخلہ لے لیا۔
ایلکر چاتک کی فلم کا ترک زبان میں نام ’صداقت‘ رکھا گیا ہے اور یہ ترکی کے سن دو ہزار چودہ کے سیاسی بحران کے دوران فلمائی گئی تھی۔ اس فلم کی کہانی اس خاتون نوجوان ڈاکٹر کے گرد گھومتی ہے، جو استنبول میں ایک سیاسی کارکن کو تحفظ فراہم کرتی ہے اور خود پولیس کی نظروں میں آ جاتی ہے۔ اس فلم میں ترکی کی تبدیل ہوتی ہوئی جمہوریت کو موضوع بنایا گیا ہے اور یہ تقسیم چوک کے احتجاجی مظاہروں کو بھی۔
ایلکر چاتک کا کہنا تھا کہ ان کی فلم کا مقصد یہ بھی تھا کہ مغربی دنیا کو یہ پتہ چلے کہ مغرب اور مشرق کی جمہوریت میں فرق ہے اور دونوں کی ثقافت میں بھی فرق ہے، ’’آپ مغرب میں بیٹھے ہوئے بہت جلد سوچ لیتے ہیں کہ کسی دوسرے ملک کی پولیس اور حکومت بری ہے لیکن یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے، کچھ چیزیں ایسی ہیں، جن کو سمجھنے کے لیے وہاں کی ثقافت کو بھی سمجھنا ہوگا۔‘‘
’دا اسٹوڈنٹ اکیڈمی ایوارڈز‘ کا آغاز سن انیس سو بہتر میں کیا گیا تھا اور ان کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو تلاش اور اس کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ مجموعی طور پر پانچ کیٹیگریز میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے دیے گئے ہیں جبکہ اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد بیورلی ہلز میں جمعرات کو کیا گیا۔