1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین میں غیر ملکی طلبہ کی بس کو حادثہ، 14 ہلاک

20 مارچ 2016

یورپی ملک اسپین میں غیر ملکی طلبہ کو لے جانے والی ایک بس کے حادثے کے نتیجے میں کم ازکم 14 افراد ہلاک جبکہ تیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ طلبہ بارسیلونا یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔

https://p.dw.com/p/1IGcG
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Sellart

کاتالونیا کے علاقائی حکام کے مطابق یہ حادثہ ملک کے شمال مشرقی حصے میں آج اتوار 20 مارچ کی صبح پیش آیا۔ یہ بس بارسیلونا یونیورسٹی میں رجسٹرڈ ایسے غیر ملکی طلبہ کو لے کر واپس آ رہی تھی جو ’یورپیئن ایراسمُس ایکسچینج پروگرام‘ کے تحت وہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ چھوٹے سے شہر فریجنالز کے قریب پیش آیا جو بارسیلونا سے 150 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ یہ بس اسپین کے مشرقی شہر ویلنشیا میں ہونے والے معروف ’فالاس‘ آتش بازی کے میلے سے واپس لوٹ رہی تھی۔ فریجنالز کا شہر ویلنشیا اور بارسیلونا کے قریب درمیان میں واقع ہے۔

ہسپانوی صوبہ کاتالونیا کے داخلہ معاملات کے سربراہ جورڈی جین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ بس ’ پہلے دائیں جانب واقع حفاظتی ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد بُری طرح ڈگمگائی اور شاہراہ کی دوسری جانب چڑھ گئی۔‘‘ جین کے مطابق بس کی ٹکر مخالف سمت سے آنے والی ایک گاڑی سے ہوئے جس سے اُس میں سوار دو افراد زخمی ہوئے۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں شاہراہ کو کھولنے کے لیے کام کر رہی ہیں
حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں شاہراہ کو کھولنے کے لیے کام کر رہی ہیںتصویر: Picture alliance/AP Photo

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بس ڈرائیور کو ٹورٹوسا نامی شہر میں پولیس کی حراست میں رکھا گیا ہے۔ کاتالونیا کے داخلہ معاملات کے سربراہ کے مطابق حادثے کے وقت سڑک کی صورتحال ٹھیک تھی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق اس بس میں ڈرائیور سمیت 57 افراد سوار تھے۔ جورڈی جین کے مطابق ان میں سے 43 افراد زخمی ہوئے۔ 30 افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ابھی تک ہلاک ہونے والوں کی قومیتوں کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہو سکی ہیں۔ ایراسمُس پروگرام کے تحت 28 رُکنی یورپی یونین میں شامل ریاستوں کے طلبہ کو اس براعظم کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں شاہراہ کو کھولنے کے لیے کام کر رہی ہیں جبکہ اسپین کو فرانس سے ملانے والی شاہراہ کے متاثرہ حصے کو فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔