1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اشٹٹ گارٹ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری

ندیم گِل30 ستمبر 2013

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے ایک میچ میں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم نے آئتراخت براؤن شوائگ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے مات دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/19qMC
تصویر: picture alliance/CITYPRESS 24

دونوں ٹیمیں اتوار کو بنڈس لیگا کے ساتوں میچ ڈے کے آخری روز میدان میں اتریں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس جیت کے ساتھ اشٹٹ گارٹ نے نئے کوچ تھوماس شنائیڈر کی قیادت میں اپنی بحالی کا عمل جاری رکھا ہے۔

ٹیم کی باگ ڈور شنائیڈر کے ہاتھ میں آنے کے بعد سے اشٹٹ گارٹ نے چار میچ کھیلے ہیں جن سے اسے دس پوائنٹس حاصل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے برُونو لابادیا کی جگہ لی تھیں جنہیں رواں سیزن کے پہلے تین میچوں میں ٹیم کی شکست پر ہٹا دیا گیا تھا۔

اس جیت سے اشٹٹ گارٹ بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ براؤن شوائگ دو پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سب سے نیچے یعنی اٹھارہویں نمبر پر ہے۔

اتوار کو ہی بریمن اور نیورمبرگ کے درمیان کھیلا گیا ایک دوسرا میچ تین تین گول سے برابر رہا۔ رواں سیزن میں اب تک نیورمبرگ کے پانچ مقابلے بے نتیجہ رہے ہیں اور یہ پانچ پوائنٹس کے ساتھ پندرہویں نمبر پر ہے۔ رواں ہفتے کے اختتام پر بریمن 10 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

بنڈس لیگا کے ساتویں میچ ڈے کا آغاز حسب معمول جمعے کو ہوا۔ پہلے روز آؤگس برگ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے درمیان کھیلا گیا واحد میچ دو دو گول سے برابر رہا۔

Fußball Bundesliga 7. Spieltag Werder Bremen 1. FC Nürnberg
بریمن اور نیورمبرگ کے درمیان کھیلا گیا میچ تین تین گول سے برابر رہاتصویر: imago/Sven Simon

ہفتے کو چھ میچ کھیلے گئے۔ ان میں ڈورٹمنڈ نے فرائی برگ کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے مات دی۔ بائرن میونخ نے وولفس برگ کو ایک صفر سے پچھاڑا۔ لیور کوزن نے ہینوور کو دو صفر اور ہیرتھا برلن نے مائز کو تین ایک سے شکست دی۔ ہوفن ہائیم اور شالکے کا مقابلہ تین تین گول سے جبکہ آئنتراخت فرینکفرٹ اور ہیمبرگ کا مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔

ساتویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی پہلی چار پوزیشنوں پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ پہلی دو پوزیشنیں انیس 19 پوائنٹس کے ساتھ بدستور ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے پاس ہیں۔گول اوسط کی بنیاد پر ڈورٹمنڈ پہلے اور بائرن دوسرے نمبر پر ہے۔ لیور کوزن تیسرے نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس 18ہیں۔ ہینوور 12پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پانچویں پوزیشن پر ہیرتھا برلن ہے اور اس کے پوائنس 11 ہیں۔

رواں ہفتے ہیرتھا برلن، اشٹٹ گارٹ، بریمن اور ہوفن ہائیم ٹیبل پر اُوپر گئیں جبکہ مؤنشن گلاڈ باخ، وولفس برگ اور مائنز نے اپنی گزشتہ ہفتے کی پوزیشنیں کھو دی ہیں۔