اعجاز پٹیل نے بھارتی ٹیم کو اکیلے ہی آؤٹ کر دیا
4 دسمبر 2021ممبئی میں جنم لینے والے نیوزی لینڈ کے اسپنر اعجاز پٹیل نے ممبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم کے تمام بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ اعجاز ایک اننگز میں دس وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے تیسرے بالر بن گئے ہیں۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیئم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھارتی نژاد کیوی اسپنر اعجاز پٹیل نے ایک سو انیس رنز کے عوض دس وکٹیں حاصل کیں۔
بائیں بازو سے اسپن گیند کرنے والے اعجاز پٹیل نے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن چار جب کہ دوسرے روز چھ بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ اعجاز نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ، چتیشور پجارا اور روی چندر اشون کو صفر پر آؤٹ کیا۔ بھارت کی پہلی اننگز میں مینگ اگروال نے عمدہ بیٹنگ کے ساتھ ایک سو پچاس رنز بنائے۔
ایک اننگ میں دس وکٹیں حاصل کرنے کی تاریخ
بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اس سے قبل کسی بھی ٹیم کے دس بلے بازوں کو ایک اننگز میں آؤٹ کرنے کا اعزاز صرف دو دیگر گیندبازوں کو حاصل ہے۔
انگلش آف اسپنر جِم لیکر نے سن 1956 میں اولڈ ٹریفورڈ کے میدان میں آسٹریلیا کے خلاف پوری ٹیم کو آؤٹ کیا تھا جبکہ سن 1999 میں بھارتی لیگ اسپنر انیل کمبلے نے دہلی کے فیروز شاہ کوٹلا اسٹیڈیئم میں پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں دس وکٹیں لی تھیں۔
اس طرح اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کے پہلے اور دنیا کے تیسرے ایسے بالر ہیں جنہوں نے ایک اننگز میں دس کھلاڑی آؤٹ کیے۔
اعجاز پٹیل کون ہیں؟
لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل کا جنم بھارت کے بندرگاہی شہر ممبئی میں اکیس اکتوبر سن 1988 میں ہوا تھا۔ تینتیس سالہ اعجاز جب دس برس کے تھے تو ان کے والدین بھارت سے نیوزی لینڈ نقل مکانی کر گئے تھے۔
اعجاز نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ تیس برس کی عمر پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں سن 2018 میں کھیلا تھا۔ اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے والے پانچویں بھارتی نژاد کھلاڑی ہیں۔