افریقہ کپ آف نیشنز: نائجیریا چیمپئن
11 فروری 2013جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے ایف این بی اسٹیڈیم میں نائجیریا اور برکینا فاسو کے درمیان افریقہ کپ کے فائنل میچ میں مقابلہ سخت رہا۔ میچ کے چالیسویں منٹ میں نائجیریا کے سنڈے امبا برکینا فاسو کے گول کیپر کو چکما دینے میں کامیاب رہے اور میچ کا واحد گول کر دیا۔ افریقہ کپ میں نائجیریا کی ٹیم اپنا ساتواں فائنل میچ کھیل رہی تھی۔ موجودہ ٹیم کے کوچ اسٹیفن کیشی بھی سن 1980 اور سن 1994 میں افریقہ کپ جیتنے والی ٹیم کے رُکن تھے۔
میچ شروع ہونے پر ہی نائجیریا کے کھلاڑیوں نے برکینا فاسو کے گول پر حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔ میچ کے دوران تیز رفتار نائجیرین کھلاڑی وکٹر موزیز کا کھیل شاندار رہا۔ بائیس برس کے وکٹر موزیز انگلش فٹ بال کلب چیلسی کی فرسٹ الیون کے رکن ہیں۔ جارحانہ اور پرجوش کھیل کی وجہ سے نائجیریا نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے۔ برکینا فاسو کی ٹیم بھی جواباً حملے کرتی رہی لیکن اس ٹیم کے گول کیپر داودا دیا کیٹے کا کھیل شاندار رہا۔ چھپن ویں منٹ میں وکٹر موزیز خود گول کر سکتے تھے لیکن انہوں نے ساتھی کھلاڑی کو پاس دیا اور یوں گول کا یقینی موقع ضائع کر دیا۔
افریقہ کپ کا آغاز انیس جنوری سے ہوا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں کل سولہ ٹیمیں شریک تھیں۔ ان سولہ ٹیموں کو چار چار کے گروپ میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ان چاروں گروپوں کے میچ جنوبی افریقہ کے پانچ شہروں میں کھیلے گئے۔ سیمی فائنل نیلزپروئٹ اور پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے۔ فائنل میچ جوہانسبرگ کے ایف این بی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو 85 ہزار شائقین نے دیکھا۔ اسی اسٹیڈیم میں سن 2010 کے فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل میچ بھی کھیلا گیا تھا۔
افریقہ کپ کو سب سے زیادہ مرتبہ جیتنے کا اعزاز مصر کو حاصل ہے۔ مصر نے اب تک سات مرتبہ افریقہ کپ جیتا ہے لیکن وہ کل ختم ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا۔ گھانا اور کیمرون نے اس اہم ٹورنامنٹ کو چار چار مرتبہ جیت رکھا ہے۔ نائجیریا نے تین مرتبہ اس ٹورنامنٹ کو جیتا ہے۔ اتوار کے روز نائجیریا کو یہ اعزاز انیس برس بعد حاصل ہوا ہے کہ وہ افریقہ کپ کی ٹرافی کو اٹھائے۔
افریقی اقوام کا فٹ بال ٹورنامنٹ افریقہ کپ ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا ہے۔ اس کا چیمپئن فٹ بال کے نگران عالمی ادارے فیفا کے ٹورنامنٹ کنفیڈریشن کپ کو کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کر لیتا ہے۔ کنفیڈریشن کپ اسی برس برازیل میں ہو گا۔ رواں برس کے افریقہ کپ کا میزبان ملک جنوبی افریقہ تھا۔ گزشتہ ٹورنامنٹ گابون اور ایکواٹورئیل گِنی میں مشترکہ طور پر سن 2012 میں منعقد کیا گیا تھا۔ اگلا ٹورنامنٹ سن 2015 میں مراکش میں کھیلا جائے گا۔ اس کے دو سال بعد لیبیا کو افریقہ کپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔
(ah/ng(dpa