1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان صدر کی طالبان کو براہ راست مذاکرات کی دعوت

22 فروری 2012

افغان صدر حامد کرزئی نے طالبان کو حکومت کے ساتھ براہ راست مذکرات کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ اسلام آباد حکومت امن مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون کرے۔

https://p.dw.com/p/147Jl
تصویر: picture alliance / dpa

منگل کو افغان صدر حامد کرزئی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا، ’’امن عمل کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے، میں طالبان کی قیادت کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ افغان حکومت کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا حصہ بنے۔‘‘

حامد کرزئی نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے، ’’میں اپنے برادر ملک پاکستان کی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ طالبان اور کابل حکومت کے مابین براہ راست امن مذاکرات کو ممکن بنانے کے لیے تعاون کرے تاکہ امن عمل کا سلسلہ شروع ہو سکے۔‘‘

حامد کرزئی کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے، جب انہوں نے ابھی حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے بعد امریکی صدر باراک اوباما سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ انہوں نے امریکی صدر سے افغانستان میں مصالحتی عمل پر تفصیلی گفتگو میں علاقائی سطح پر حمایت حاصل کرنے کی بات کی تھی۔

حامد کرزئی نے مزید کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے تمام افغانیوں بشمول طالبان کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کابل حکومت روزانہ ہی افغان طالبان کے ساتھ مختلف نوعیت کے رابطے کرتی ہے تاہم وہ براہ راست نہیں ہوتے۔ انہوں نے ایسے تاثر کو بھی مسترد کر دیا کہ طالبان کابل میں امریکا نواز حکومت سے مذاکرات کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

Gipfel im Iran Treffen Afghanistan Iran Pakistan
پاکستان، ایران اور افغانستان کے صدور خوشگوار موڈ میںتصویر: AP

ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ طالبان کے نمائندے قطر میں اپنا ایک دفتر کھولنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کیے جا سکیں لیکن عوامی سطح پر طالبان کزرئی کی حکومت سے مذاکرات کی خبروں کی تردید کرتے ہیں۔

دوسری طرف خبر رساں ادارے روئٹرز نے افغان حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ کابل حکومت پاکستان میں طالبان سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔ قندھار میں امن کونسل کے سربراہ عطا محمد احمدی نے بتایا ہے کہ افغان حکام پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کچھ عرصے سے طالبان کمانڈروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

ناقدین کے بقول ایسی خبروں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسلام آباد حکومت افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اپنا کردار بڑھا رہی ہے۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ جمعے کو اپنے افغان ہم منصب کے ساتھ اپنی ملاقات میں ایسے الزامات کو مسترد کیا تھا کہ اسلام آباد افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ’ڈبل گیم‘ کھیل رہا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان