افغان صوبے لوگر کے گورنر بم دھماکے میں ہلاک
15 اکتوبر 2013آج صبح مشرقی افغان صوبے لُوگر میں ہونے والے ایک بم دھماکے کی زد میں آ کر صوبائی گورنر ارسلا جمال ہلاک ہو گئے۔ گورنر کے ترجمان دین محمد درویش کے مطابق یہ بم دھماکا لوگر صوبے کے صدر مقام پل عالم کی مرکزی جامع مسجد میں ہوا۔ بم اُس وقت پھٹا جب گورنر ارسلا جمال عید الضحیٰ کی نماز کے دوران مسجد کے اندر موجود نمازیوں سے مخاطب تھے۔ مقامی سکیورٹی اہلکاروں کے مطابق یہ بم مائیکروفون میں نصب کیا گیا تھا۔ اس دھماکے میں دیگر پندرہ افراد زخمی بھی ہو گئے۔
گورنر ارسلا جمال افغان صدر حامد کرزئی کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ سن 2009 کے صدارتی انتخابات کے دوران وہ حامد کرزئی کی مہم کے انچارج بھی تھے۔ اس سے قبل وہ ایک دوسرے صوبے خوست کے گورنر بھی رہ چکے تھے۔ رواں برس اپریل میں ان کو لوگر صوبے کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔
ماضی میں بھی ارسلا جمال پر کئی قاتلانہ حملے ہوئے لیکن انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔ ایک قاتلانہ حملہ اگست سن 2007 میں ان کے قافلے پر ہوا تھا اور بعد ازاں سن 2009 میں جب وہ خوست کےگورنر تھے، اُس وقت بھی ان پر دو خود کش حملے ہوئے تھے۔ یہ خود کُش حملے ان کے دفتر پر کیے گئے تھے۔
بظاہر ارسلا جمال طالبان کی ہٹ لِسٹ پر تھے لیکن تازہ حملہ طالبان کے روپوش لیڈر ملا عمر کے تازہ بیان کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ گزشتہ روز ملا عمر نے طالبان جنگجوؤں کو ہدایت کی تھی کہ وہ افغان سکیورٹی فورسز اور نیٹو دستوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید شدت اور تیزی لائیں۔ عیدالضحیٰ کے موقع پر انہوں نے افغان عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ برس ہونے والے صدارتی اتخابات کا بھی بائیکاٹ کر دیں۔ اپنے اس پیغام میں ملا عمر نے افغان شہریوں کو اپریل 2014ء میں ہونےو الے صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس انتخابی عمل میں لوگوں کے ووٹ کی کوئی اہمیت نہیں ہو گی اور نہ ہی ان کی شمولیت سے انتخابی نتائج کو کوئی فرق پڑے گا، لہذا ’’اسلامی امارات‘‘ اگلے برس ہونے والے ان انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس انتخابی عمل میں شریک نہ ہوں۔