افغان مسافر بردار جہاز گر کر تباہ، درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ
27 جنوری 2020افغان صوبہ غزنی ملک کے وسط میں واقع ہے اور یہ علاقہ طالبان عسکریت پسندوں کے کنٹرول میں ہے۔ غزنی کے گورنر ہاؤس کے ترجمان عارف نوری کے مطابق یہ بوئنگ جہاز سدوخیل کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق پیر 27 جنوری کو بعد دوپہر ایک بج کر دس منٹ پر گر کر تباہ ہو گیا۔ غزنہ کی صوبائی کونسل کے دو ارکان نے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی کے بھی زندہ بچ جانے کا کوئی امکان نہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس مسافر طیارے میں سوار افراد کی تعداد یا اس واقعے میں ممکنہ نقصانات کے بارے میں فوری طور پر کوئی حتمی اور واضح اطلاعات نہیں ہیں اور نہ ہی اس جہاز کی تباہی کی وجوہات کے بارے میں کوئی بات یقین سے کہی جا سکتی ہے۔ تاہم فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ اس جہاز میں 38 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔
آریانا ایئرلائنز کی طرف سے تردید
دوسری طرف افغانستان کی قومی فضائی کمپنی آریانا ایئرلائنز نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں ان خبروں کی تردید کی ہے کہ اس کا کوئی ہوائی جہاز تباہ ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کمپنی کے تمام جہاز کام کر رہے ہیں اور محفوظ ہیں۔ کمپنی کے قائم مقام سربراہ میرواعظ مرزاکوال نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ''ایک ایئرلائن کریش تو ہوا ہے مگر اس کا تعلق آریانا سے نہیں ہے کیونکہ آریانا کی ہرات سے دو پروازیں کابل اور نئی دہلی کے لیے روانہ ہوئی تھیں، جو بالکل محفوظ ہیں۔‘‘