1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان نائب صدر فیلڈ مارشل فہیم انتقال کر گئے

عابد حسین9 مارچ 2014

افغانستان کے تاجک نژاد اول نائب صدر فیلڈ مارشل محمد قاسم فہیم ستاون برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ کابل حکام کے مطابق تاجک لیڈر کی موت قدرتی طور پر واقع ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1BMRF
تصویر: picture-alliance/AP Photo

کابل کے صدارتی محل سے جاری ہونے والے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ افغان صدر کے اول نائب صدر فیلڈ مارشل محمد قاسم فہیم رحلت پا گئے ہیں۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ اس بیان میں واضح کیا گیا کہ کہ فیلڈ مارشل فہیم کی رحلت پر صدر حامد کرزئی نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فہیم کی رحلت سے افغانستان ایک بہادر مجاہد اور قابل فخر محب وطن شخص سے محروم ہو گیا ہے۔ افغان صدر نے تاجک لیڈر کے انتقال کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ کرزئی حکومت نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان ایام میں افغان پرچم سرنگوں رہے گا۔

Afghanistan Marshall Mohammad Fahim in Kabul
افغان صدر کے سینئر نائب صدر محمد قاسم فہیمتصویر: picture-alliance/AP

مضبوط امریکی حمایت کے تناظر میں سن 2002 میں فہیم کو افغانستان کا وزیر دفاع مقرر کیا گیا تھا۔ اس منصب پر فائز ہونے کے بعد فہیم کو دوسرے تاجک لیڈروں اور اعلیٰ فوجی افسران کی تنقید کا بھی سامنا رہا اور وہ افغانستان کے لیے قومی فوج کھڑی کرنے میں ناکام رہے۔ بعد میں انہیں کرزئی نے اپنا نائب صدر مقرر کر دیا لیکن اِس منصب سے بھی انہیں سن 2004 میں فارغ کر دیا گیا تھا۔ اُن کو دوبارہ سن 2009 میں نائب صدر مقرر کر دیا گیا تھا۔ مبصرین کے نزدیک اِس تعیناتی سے کرزئی افغانستان میں اپنی حمایت اور اثرورسوخ کے دائرے کو وسعت دینا چاہتے تھے۔

افغان صدر کے سینئر نائب صدر محمد قاسم فہیم افغانستان کی تاجک اقلیت سے تعلق رکھتے تھے۔ فہیم افغانستان کے طاقتور سابق جنگی سرداروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپنی فوج بھی بنائی ہوئی تھی۔ طالبان کے خلاف سن 2001 میں ہونے والی جنگی مزاحمت کے دوران، اُن کو امریکی حمایت و امداد بھی دی گئی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ تاجک سردار فہیم گزشتہ تیرہ برسوں سے طالبان کے خلاف ایک طرح سے مزاحمت جاری رکھے ہوئے تھے۔

Ahmed Shah Masud
احمد شاہ مسعودتصویر: AP

کئی افغان سیاستدانوں نے اگلے ماہ ہونے والے صدارتی الیکشن پر بھی فہیم کی موت کے ممکنہ اثرات کو محسوس کیا ہے۔ ایک صدارتی امیدوار ہدایت امین اَرسلا کے خیال میں مستقبل کی سیاسی تبدیلیوں پر تاجک لیڈر کی موت اثرانداز ہو سکتی ہے۔ فیلڈ مارشل محمد قاسم فہیم کے مخالفین کا خیال ہے کہ وہ نیم خوانداہ تھے اور خود ساختہ فیلڈ مارشل تھے۔ فہیم کو افغان قبائلی کھیل بُزکشی سے گہرا لگاؤ تھا۔ اسی باعث وہ گھوڑوں کے ایک بہت بڑے اصطبل کے مالک بھی تھے۔

فہیم نے جنگی سردار احمد شاہ مسعود کے ساتھ ایک بااثر انٹلیجنس افسر کے ابتدائی ترقی کی منازل طے کی تھیں۔ وہ اپنے مخالفین کے ساتھ انتہائی ظالمانہ برتاؤ رکھنے کی وجہ سے نیک نامی نہیں رکھتے تھے۔ احمد شاہ مسعود نے سن 1980 کی دہائی میں سابقہ سوویت یونین کی فوج کشی کے خلاف مسلح جدوجہد جاری رکھتے ہوئے شہرت حاصل کی تھی۔ بعد میں وہ سن 1996 سے لیکر سن 2001 تک مذہبی انتہا پسندوں پر مشتمل تنظیم طالبان کے خلاف بھی نبردآزما رہے۔ ستمبر گیارہ سن 2001 میں امریکا میں رونما ہونے والے دہشت گردانہ واقعات سے دو روز قبل مسعود کو مبینہ طور پر القاعدہ کے پلان کردہ ایک دہشت گردانہ حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔