افغان وزیر خارجہ کی امریکی نمائندے سے ملاقات
12 مارچ 2022ترک شہر انطالیہ میں امریکا اور افغانستان کے درمیان ہونے والی میٹنگ سے قبل قطر کے وزیر خارجہ نے علیحدہ علیحدہ فریقین کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ خلیجی ریاست کے وزیر خارجہ عبد الرحمٰن الثانی نے پہلے امریکی نمائندے تھومس ویسٹ سے ملاقات کی اور انتشار و غربت سے بدحال ملک افغانستان کی تازہ ترین سیاسی و سماجی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ تھومس ویسٹ افغانستان کے لیے مقرر خصوصی امریکی ایلچی ہیں۔
طالبان حکومت کے وزیر خارجہ کا امریکی کانگریس کے نام کھلا خط
بعد میں جس کمرے میں قطری وزیر خارجہ امریکی نمائندے کے ساتھ موجود تھے، وہاں افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی تشریف لے گئے۔ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تینوں افراد اس ملاقات میں بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
افغان وزیر خارجہ اور امریکی نمائندے کی ملاقات
امیر خان متقی اور تھومس ویسٹ کی ملاقات کی بظاہر میزبانی قطر کے وزیر خارجہ عبد الرحمٰن الثانی کر رہے تھے۔ اس ملاقات میں خاص طور پر افغانستان کی سکیورٹی اور سیاسی صورتِ حال کو زیرِ بحث لایا گیا۔ اس پر بھی غور کیا گیا کہ افغان عوام کو اس وقت کس طرح کے انسانی بحران کی شدت کا سامنا ہے۔
اس سہ فریقی ملاقات کے حوالے سے قطر کی جانب سے ایک خصوصی بیان بھی جاری کیا گیا لیکن اس میں بات چیت کی مکمل تفصیلات کو ظاہر نہیں کیا گیا۔
افغان وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس وقت ان کے ملک میں ایسے حالات سامنے آ چکے ہیں جو سفارتی سلسلہ کو مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ امریکی نمائندے نے امیر خان متقی کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا کہ اس وقت کوششیں کی جا رہی ہیں کہ افغان معیشت کو سہارا دے کر کھڑا کرنے کے علاوہ اسے متحرک کیا جا سکے۔
اعلی طالبان رہنماؤں کے ساتھ بھارتی حکام کی پہلی باضابطہ ملاقات
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ترکی میں بین الاقوامی انطالیہ ڈپلومیسی فورم شروع ہوا ہے۔ یہ ملاقات بھی اسی فورم کے پہلو میں ہوئی۔ افغان و قطری وزیر خارجہ کے ساتھ امریکی نمائندے نے بھی انطالیہ ڈپلومیسی فورم کو تعلقات بہتر کرنے کا ایک مناسب فورم قرار دیا۔
انطالیہ ڈپلومیسی فورم
ترک شہر انطالیہ میں بین الاقوامی فورم کے انعقاد کا یہ دوسرا سال ہے۔ اس میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی ایک وفد کے ساتھ شریک ہیں۔ وہ انطالیہ میں قیام کے دوران کئی دوسرے ممالک کے نمائندوں اور شرکاء سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس فورم میں سیاستدان، سفارتکار، ماہرین تعلیم اور اصحاب الرائے شریک ہو کر کئی اہم امور پر اظہارِ خیال کرتے ہیں۔ یہ سہ روزہ فورم جمعہ گیارہ مارچ کو ترک وزیر خارجہ کے افتتاحی خطاب سے شروع ہوا تھا۔
افغانستان سے متعلق امریکا اور پاکستان میں پہلی بات چیت
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل سمیت کئی ملکوں کے وزرائے خارجہ بھی انطالیہ پہنچے ہوئے ہیں۔ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کا اختتام اتوار تیرہ مارچ کو ہو گا۔ اس فورم کی شروعات صدر رجب طیب ایردوآن کے ایما پر ہوئی ہے۔
ع ح ا ا (اے پی، اے ایف پی)