افغانستان بھر میں پَے در پَے کئی پُر تشدد واقعات
18 اپریل 2011کابل میں صدارتی محل کے نزدیک واقع وزارت دفاع کی اس عمارت کے اندر ہونے والے اس حملے میں دو افغان فوجی ہلاک جبکہ سات شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان کے مطابق خود کُش حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھا اور اس کے پاس ڈیفنس ملٹری پاس بھی تھا۔ ترجمان کے مطابق حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری ایک خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی اور اس سے پہلے کہ وہ خود کو اڑاتا، اُسے ہلاک کر دیا گیا تھا۔
طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کا ہدف فرانسیسی وزیر دفاع Gerard Longuet تھے، جو ان دنوں افغانستان کے دورے پر ہیں۔ فرانسیسی ملٹری کے ایک ترجمان ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر دفاع حملے کے وقت عمارت میں موجود نہیں تھے۔
افغان آرمی کے ترجمان محمد اعظمی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ فوجی وردی میں ملبوس ایک اہلکار نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تھی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔ حملے کے فوری بعد وہاں پر موجود دوسرے اہلکاروں نے اسے ہلاک کر دیا۔ ایک اعلیٰ افغان اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا ہے کہ تین عسکریت پسند عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے تھے اور تینوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
افغان وزارت دفاع کی اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے ایک وزیر دفاع کے نائب اور دوسرے افغانستان کے آرمی چیف آف اسٹاف کے سیکرٹری ہیں۔
دوسری جانب مرکزی افغانستان کے صوبے غزنی میں آج پیر کو سڑک کے کنارے نصب ایک بم کے دھماکے میں چھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ مقامی پولیس چیف نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار ڈسٹرکٹ خوگیانی سے غزنی کے پولیس ہیڈ کواٹر کی طرف آ رہے تھے کہ سڑک کے کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔
رواں مہینہ افغان اور نیٹو فورسز کے لئےانتہائی خطرناک ثابت ہوا ہے۔ گزشتہ جمعہ کو افغانستان کے صوبے قندھار میں ہونے والے ایک خود کش حملے میں صوبائی پولیس کے سربراہ خان محمد مجاہد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ہفتہ کو ایک ہی دن میں آٹھ نیٹو فوجی مارے گئے تھے۔
گزشتہ برس کم از کم 711 غیر ملکی فوجی طالبان عسکریت پسندوں کے حملوں میں مارے گئے تھے۔ رواں برس ابھی چوتھا مہینہ جاری ہے کہ اتحادی افواج کے کم از کم 128 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ طالبان کی طرف سے زیادہ تر حملے موسم گرما میں کئے جاتے ہیں،جس کا ابھی آغاز ہوا ہے۔
دوسری جانب آج صوبہ پروان میں ایک مبینہ دہشت گرد کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران افغان سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ مظاہرے میں تین ہزار افراد شریک تھے۔ افغان اور نیٹو فورسز نے دہشت گردی کے الزام میں تین افغان شہریوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے دو کو اتوار کے روز رہا کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: عدنان اسحاق