افغانستان، خود کش حملے میں جارجیا کے سات فوجی ہلاک
7 جون 2013سابق سوویت ریاست جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں ملکی وزارت دفاع کی طرف سے جمعرات کو رات گئے بتایا گیا کہ خود کش حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھرا ٹرک ہلمند میں موجود فوجی اڈےکے قریب دھماکے سے اڑا دیا۔ تازہ واقعے کے بعد جارجیا کے افغانستان میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے۔ جارجیا کے بطور نان نیٹو ملک افغانستان میں تعینات فوجیوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جارجیا کے ملٹری اسٹاف کے سربراہ Irakly Dzneladze نے ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا، ’’یہ ہماری بیس پر ہونے والا ایک دہشت گردانہ حملہ تھا۔۔۔ جس میں سات فوجی ہلاک جبکہ نو دیگر زخمی ہوئے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور نے ہلمند میں موجود ان کے فوجی اڈےکے باہر بارود سے بھرا ٹرک دھماکے سے اڑا دیا۔ ہلمند میں جارجیا کے 1570 فوجی تعینات ہیں۔
افغانستان میں ایک ماہ کے اندر جارجیا کے فوجیوں پر یہ دوسرا حملہ تھا۔ 13 مئی کو ایک خود کش حملہ آور نے تین جارجین فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ جارجیا کے فوجی افغانستان بین الاقوامی امدادی فوج ISAF کی کمان میں 2004ء سے تعینات ہیں۔
جارجیا کے صدر میخائیل ساکاشویلی نے اس واقعے کو ایک المیہ قرار دیا ہے۔ ملکی ٹیلی وژن پر جاری کردہ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا، ’’یہ (ہلاک ہونے والوں) کے خاندانوں کے لیے، ہمارے ملک کے لیے اور ہم سب کے لیے ایک المیہ ہے۔‘‘
امریکا اور نیٹو کی سربراہی میں اس وقت ایک لاکھ کے قریب غیر ملکی فوجی طالبان کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق بین الاقوامی افواج افغانستان کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان سکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے کے بعد 2014ء کے آخر تک ملک چھوڑ دیں گی۔
aba/ab (Reuters, AFP, dpa)