1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: دو امریکی فوجی ہلاک، برطانوی شہزادہ محفوظ ہے

Imtiaz Ahmad15 ستمبر 2012

طالبان نے جنوبی افغانستان میں قائم برطانوی ایئربیس پر حملہ کرتے ہوئے دو امریکی فوجیوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا ہے۔ طالبان برطانوی شہزادے ہیری کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

https://p.dw.com/p/169ax
تصویر: Reuters

نیٹو حکام کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب صوبہ ہلمند میں برطانوی ایئربیس کو نشانہ بنایا گیا، جس میں دو امریکی میرینز ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک اہلکار کے مطابق کم از کم پانچ امریکی فوجی زخمی ہیں۔ عسکریت پسندوں کی طرف سے چھوٹے اسلحے کے ساتھ ساتھ راکٹوں اور مارٹر گولوں کا بھی استعمال کیا۔

واشنگٹن میں وزارت دفاع کے ایک اہلکار کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے اسے ایک ’خطرناک اور مشکل‘ حملہ قرار دیا۔ اس اہلکار کے مطابق حملہ انتہائی منظم انداز میں کیا گیا۔ برطانوی شہزادہ ہیری بھی ایک پائلٹ کے طور پر اسی ہوائی اڈے پر تعینات ہے۔

NATO Angriffe in Afghanistan Helmand Zivilisten Tote ISAF Helicopter
تصویر: AP

طالبان شورش پسندوں نے اسی ہفتے ایک ’ہائی ویلیو پلان‘ کے تحت پرنس ہیری کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی تھی۔ تاہم ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ آئی سیف کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ پرنس ہیری کو کسی بھی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اور وہ خطرے میں بھی نہیں تھا۔ 27 سالہ پرنس ہیری سن 2008ء میں بھی چار ماہ کے لیے اس ’Bastion‘ کیمپ پر تعینات رہ چکا ہے۔ اس حملے کے بارے میں مزید اطلاعات منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق اس بیس پر موجود کئی جنگی جہازوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

افغانستان میں مقامی فورسز کے ساتھ ساتھ نیٹو کے ایک لاکھ سترہ ہزار سے زائد اہلکار طالبان کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ نیٹو کے زیادہ تر اہلکار سن 2014ء میں افغانستان چھوڑ دیں گے، جس کے بعد ملکی کنٹرول افغان فورسز کو سنبھالنا ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق افغان فورسز ابھی اس قابل نہیں ہیں کہ وہ سکیورٹی کی ذمہ داریاں اٹھا سکیں اور یہ کہ سن 2014ء کے بعد پرتشدد کارروائیوں اور طالبان کے حملوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ گزشتہ چند مہینوں میں طالبان کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سن 2009ء میں صوبہ ہلمند میں طالبان کو شکست دینے کے لیے ایک خصوصی آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس آپریشن میں 30 ہزار نیٹو فوجی شامل تھے۔ ایک امریکی ویب سائٹ iCasualties کے مطابق افغانستان میں رواں برس ہلاک ہونے والے نیٹو فوجیوں کی تعداد کم ازکم 327 ہو چکی ہے۔ ان میں سے 250 کے قریب امریکی تھے۔

ia /ah (AFP,Reuters)