1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ’سپر ٹین‘ مرحلے میں

عاطف بلوچ12 مارچ 2016

افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے کوالیفائنگ میچ میں زمبابوے کو 59 رنز سے شکست دے کر اس ٹورنامنٹ کے ’سپر ٹین‘ مرحلے تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1ICAb
Afghanistan Cricket Sri Lanka
افغانستان کی ٹیم اب سپر ٹین میں اپنا پہلا میچ سری لنکا کے خلاف سترہ مارچ کو کولکتہ میں کھیلے گیتصویر: Dibyangshu Sarkar/AFP/Getty Images

بھارتی شہر ناگپور میں ہفتے کے دن کھیلے گئے گروپ اے کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے اس اہم ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ افغان بلے بازوں نے شاندار انداز میں مقررہ بیس اوورز میں 186 رنز بنائے۔

نمایاں بلے بازوں میں محمد نبی رہے، جنہوں نے باون رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ مین آف دی میچ قرار پانے والے اس افغان آل راؤنڈر نے ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ دیگر بلے بازوں میں محمد شہزاد نے چالیس اور سمیع اللہ شنواری نے 43 رنز کی عمدہ انفرادی اننگز کھیلی۔

یہ میچ اس لیے بھی اہم تھا کیونکہ اس میچ کے فاتح نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر ٹین مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا تھا۔ انضمام الحق کی کوچنگ میں افغان ٹیم نے نہ صرف بلے بازی بلکہ بولنگ میں بھی انتہائی نپا تلا انداز اپنایا۔ دوسری طرف پاکستان کی قومی ٹیم کے سابق کوچ ڈیو واٹمور اپنی کوچنگ میں زمبابوے کی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں ناکام رہے۔

زمبابوے نے جب اننگز شروع کی تو کوئی بھی بلے باز خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ یوں یہ افریقی ٹیم 127 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ افغانستان کی ٹیم اب سپر ٹین میں اپنا پہلا میچ سری لنکا کے خلاف سترہ مارچ کو کولکتہ میں کھیلے گی۔

Afghanistan Cricket-Team (Bildergalerie) Mohammad Nabi
نمایاں بلے بازوں میں محمد نبی رہے، جنہوں نے باون رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیتصویر: Getty Images/P. Kane

آج کے اس اہم میچ کے بعد محمد نبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ایک انتہائی اہم میچ میں انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ’’میں اپنی پرفارمنس سے انتہائی خوش ہوں۔ بالخصوص کوالیفائنگ راؤنڈ میں یہ میچ سخت تھا۔‘‘

کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ بی میں شامل بنگلہ دیش اور عمان کی ٹیمیں اتوار کے دن آمنے سامنے آئیں گی۔ اس میچ کی فاتح ٹیم بھی سپر ٹین تک رسائی حاصل کر لے گی۔ اس اہم میچ کی فاتح ٹیم سولہ مارچ کو کولکتہ میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔