1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: پاکستانی قونصل خانے پر ’حملے کی کوشش‘

27 جنوری 2019

افغان حکام کے مطابق صوبہ بلخ میں قائم پاکستانی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کرنے والی ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قونصل خانہ فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3CHmz
Karte Afghanistan Mazar-i-Sharif Englisch
تصویر: DW

پاکستانی کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق افغان شہر مزار شریف میں قائم پاکستانی قونصل خانہ اتوار ستائیس جنوری کے روز حملے کی ایک مبینہ کوشش کے بعد بند کر دیا گیا ہے۔ افغان حکام کے مطابق صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں ایک خاتون کو اس کے بیگ سے ہینڈ گرینیڈ برآمد ہونے کے بعد پاکستانی قونصل خانے میں داخل ہونے سے اس وقت روک دیا گیا۔

صوبائی گورنر کے ترجمان منیر احمد فرہاد نے خاتون کی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ ہینڈ گرینیڈ کے ساتھ پاکستانی قونصل خانے میں داخلے کی کوشش کرنے والی خاتون کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اس واقعے کے بعد اسلام آباد حکومت نے کابل سے پاکستانی قونصل خانے کی سکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق کابل حکام سے یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کے نتائج سے پاکستان کو بھی آگاہ کیا جائے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق قونصل خانے کی سکیورٹی یقینی بنانے اور مستقبل میں ایسے کسی واقعے سے بچاؤ یقینی بنانے تک مزار شریف میں پاکستانی قونصل خانہ بند رکھا جائے گا۔

ش ح / ع ب (اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں