’افواہوں کے خاتمے کے لیے خصوصی اعلانات‘، یونان
29 مارچ 2016خبر رساں ادارے اے پی نے یونانی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقدونیہ کی سرحد سے متصل علاقوں میں موجود مہاجرین میں گزشتہ کئی دنوں سے ایسی غلط افواہیں پھیل چکی ہیں کہ بلقان ریاستوں نے اپنی سرحدی گزر گاہوں کو کھول دیا ہے اور اب یہ مہاجرین وسطی یورپی ممالک کی طرف سفر کر سکتے ہیں۔
حقیقت میں مقدونیہ نے یونان کے ساتھ اپنی سرحد کو بند کر رکھا ہے تاکہ مہاجرین کی آمد کو روکنے میں مدد مل سکے۔ حکام کے مطابق اس علاقے میں موجود مہاجرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ان مہاجرین کا خیال ہے کہ بند سرحدیں کسی وقت بھی کھل سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں وسطی اور شمالی یورپی ممالک کی طرف سفر کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔
یونان حکام کے مطابق گزشتہ دنوں کے دوران متعدد مرتبہ ایسی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ سرحدیں کھل سکتی ہیں۔ اسی لیے اب ان سرحدی علاقوں میں لاؤڈ اسپیکرز نصب کیے جا رہیں تاکہ وہاں موجود مہاجرین کو غلط معلومات اور افواہوں سے دور رکھا جا سکے۔
یونان میں مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے خصوصی ادارے کے ترجمان کرسِٹس نے اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر افواہوں کا پھیلایا جانا عام سی بات بن چکا ہے، ’’لوگ شدید دباؤ میں ہیں۔ وہ انتہائی تکلیف دہ حالت میں ہیں۔ انہیں غلط معلومات پہنچائی جا رہی ہیں اور اس پیچیدہ صورتحال میں افواہیں ایسی پھیلتی ہیں، جسے جنگل میں آگ۔‘‘
کرسِٹس کے مطابق مترجم افراد کا بندوبست کر لیا گیا ہے اور ان سرحدی علاقوں میں لاوڈ اسپیکرز نصب کیے جا رہے ہیں، ’’ مہاجرین کو پہنچائی جانے والی غلط معلومات کی تصحیح کے لیے اعلانات کیے جائیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ افواہوں کی وجہ سے حالات مزید خراب بھی ہو سکتے ہیں، اس لیے ہم اس کا حل چاہتے ہیں۔
دوسری طرف ترکی اور یورپی یونین کے مابین ڈیل کے نتیجے میں یونان پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں نمایاں کمی نوٹ کی جا رہی ہے۔ پبلک آرڈر منسٹر نکوس ٹوسکاس کے مطابق بیس مارچ کے بعد ترکی سے یونان آنے والے مہاجرین کی تعداد میں کمی سے معلوم ہوتا ہے کہ انقرہ حکومت مہاجرین کے اس بحران کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔