1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اماراتی جہاز میں کیا ہوا کہ اتنے لوگ زخمی ہو گئے؟‘

15 جولائی 2019

ایمریٹس ایئرلائنز کی نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ سے دبئی کے لیے ایک پرواز کے دوران اچانک اور شدید ٹربولینس (دوران پرواز ہچکولے اور لرزش) کی وجہ سے متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/3M5vt
Dubai Air Show Boeing 787-10
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.Jebreili

اماراتی ایئرلائنز کی پرواز ای کے چار چار نو کو آک لینڈ سے براہ راست دبئی کے لیے پرواز نہایت ناہموار رہی۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی فوٹیج میں ہر طرف اشیاء بکھری ہوئی نظر آتی ہیں۔

فضائی کمپنی کی جانب سے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے، ''بدقسمتی سے اس واقعے میں چند مسافر اور عملے کے کچھ ارکان معمولی زخمی ہوئے۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ دبئی میں بحفاظت اترنے کے بعد مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

اس سے چند روز قبل ایئرکینیڈا کے ایک مسافر بردار جہاز کو بھی ایسی ہی ناہم وار پرواز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس واقعے میں بھی متعدد ایسے مسافر زخمی ہو گئے تھے، جنہوں نے سیٹ بیلٹس یا نشستی پیٹیاں نہیں باندھ رکھی تھیں اور ان میں سے بعض جہاز کی چھت سے جا ٹکرائے تھے۔ اسی تناظر میں وینکوور سے سڈنی جانے والی اس پرواز کا رخ موڑ کر اسے امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو اتارا گیا تھا۔ اس واقعے میں 35 مسافر اور عملے کے ارکان زخمی ہوئے تھے، جن میں سے نو کو شدید چوٹیں آئی تھیں۔

واضح رہے کہ دوران پرواز ہچکولوں کی وجہ، ہوا کی موجوں میں غیر عمومی زیروبم سے عبارت ہے۔ اس کا محرک تین بنیادی عوامل ہو سکتے ہیں، جو گرم اور ٹھنڈی ہواؤں کا کسی جگہ پر مرتکز اختلاط، جہاز میں کوئی تکنیکی خرابی یا ہوا کے مختلف دباؤ کے سبب ایک دوسرے کے خلاف بڑھتی ہوائیں، ہو سکتی ہیں۔