امریکا نے تاریخی نوادرات بھارت کو لوٹا دیے
7 جون 2016جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے امریکی محکمہ انصاف کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت کو لوٹائے گئے نوادرات میں قدیم اشیاء کے علاوہ ثقافتی نوادرات بھی شامل ہیں۔ ان میں مٹی اور کانسی کی وہ مذہبی مورتیاں بھی شامل ہیں جنہیں بھارت کے بعض انتہائی اہم مذہبی مقامات سے چوری کیا گیا تھا۔
لوٹائے گئے بعض نوادرات دو ہزار سال تک پرانے ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے ایک نیوز ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ انہی میں سے ایک ہندو شاعر اور روحانی شخصیت مانڑِک واچکر کا مجسمہ بھی شامل ہے جسے چنئی کے سیوان مندر سے چرایا گیا تھا۔ اس مجسمے کی قیمت کا اندازہ 15 لاکھ امریکی ڈالرز ہے۔
قیمتی مجسموں میں ہندو دیوتا گنیش کے کانسی سے بنے مختلف مجسمے بھی شامل ہیں جو انداز ایک ہزار برس پرانے ہیں۔
اٹارنی جنرل لوریٹا ای لِنچ کے مطابق یہ چیزیں ’’بھارت کی حیران کن تاریخ اور خوبصورت ثقافت کی گواہی دیتی ہیں اور یہ واپسی کا سفر اختیار کر رہی ہیں‘‘۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آج منگل سات جون کو واشنگٹن پہنچ رہے ہیں جہاں وہ امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کریں گے اور کل بدھ کے روز وہ امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطات کریں گے۔
بھارت کو لوٹائے جانے والے یہ قیمتی نوادرات دراصل امریکی قانون ساز ایجنسیوں کی مختلف کارروائیوں کے دوران برآمد کیے گئے تھے جن میں ہوم لینڈ سکیورٹی انویسٹیگیشن بھی شامل ہے۔ زیادہ تر نوادرات 2007ء میں سبھاش کپور نامی ایک شخص سے شروع کی جانے والی تحقیقات کے دوران ملی تھیں جو نیویارک میں ایک گیلری کا مالک ہے۔ کپور کے خلاف بھارت میں ہزارہا ملین ڈالرز مالیت کے نوادرات لوٹنے کے الزام میں مقدمہ چلایا جانا ہے جو اُس نے مختلف ممالک سے چوری کیے۔