امریکہ میں برفباری: ہزاروں فلائٹس ملتوی، زندگی دشوار
29 دسمبر 2010امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں رواں ہفتے کے آغاز پر ہونے والی شدید برفباری کے اثرات کے سبب اس علاقے میں سینکڑوں پروازوں کی معطلی کے بعد مسافروں کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ بہت کم وقت میں بہت شدید برفباری کے سبب ان علاقوں میں 80 سینٹی میٹر یعنی 32 انچ تک برف پڑی، جس کے سبب تمام کاروبار زندگی متاثر ہوا خصوصی طور پر سفری ذرائع۔
فضائی کمپنیوں نے محدود پیمانے پر پروازوں کا آغاز توکردیا ہے مگر منگل کے روز بھی 800 کے قریب پروازیں ملتوی کردی گئیں، خصوصی طور پر نیویارک کے علاقے میں۔
نیویارک کےمیئر بلومبرگ کے مطابق اتوار اور پیر کے روز آنے والا طوفان معمولی نوعیت کا نہیں تھا۔ بلومبرگ کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والی خصوصی گاڑیاں بھی برف میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا، " جب تک ہم برف میں پھنسی ایمبولینسوں کو باہر نہیں نکالتے، آگ بجھانے والے ٹرکوں، بسوں اور پرائیویٹ کاروں کو برف سے نہیں نکالتے اس وقت تک برف صاف کرنے کی کوششیں کارگر نہیں ہوسکتیں۔"
نیویارک پولیس نے مصروف شاہراہوں پر پھنسی ایک ہزار کے قریب گاڑیوں کو برف سے نکالا جو کہ تمام پھنسی ہوئی گاڑیوں میں سے ایک چھوٹی سی تعداد ہے۔
شدید برفانی طوفان سے متاثر علاقے کے تین اہم ایئرپورٹس، جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل، لاگارڈیا اور نیوجرسی کے نیوارک انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر پانچ ہزار کے قریب پروازیں معطل ہوئیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
لاگاردیا ایئرپورٹ کے جنرل منیجر تھومس باسکو کے مطابق پروازوں کی معطلی یا ملتوی ہونے سے پیدا ہونے والی صورتحال معمول میں آنے میں دو سے تین دن کا مزید وقت درکار ہوگا۔
ادھر یورپ میں برفباری اور منفی درجہ حرارت سے پیدا شدہ صورتحال اب معمول پر واپس آچکی ہے۔ فرینکفرٹ، برلن اور میونخ سمیت جرمنی کے تقریباﹰ تمام ہی ایئرپورٹس سے معمول کی پروازیں جاری ہیں۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: عدنان اسحاق