1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی جنگی بحری جہاز دوسرے روز بھی شعلوں کی لپیٹ میں

14 جولائی 2020

امریکی بحریہ کا جنگی بحری جہاز بون ہوم رچرڈ مسلسل دوسرے روز بھی آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں رہا۔ اب تک اس آتش زدگی کے نتیجے میں بیسیوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ جہاز کیلی فورنیا میں سان ڈیاگو کی بندرگاہ میں لنگر انداز ہے۔

https://p.dw.com/p/3fI8y
تصویر: picture-alliance/U.S. Navy/C. Ross

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے ایک شپ یارڈ پر کھڑے ہوئے اس جنگی بحری جہاز میں آگ اتوار بارہ جولائی کے روز لگی تھی، جس پر کل پیر تیرہ جولائی کی رات تک بھی قابو نہ پایا جا سکا تھا۔

اس دوران  USS Bonhomme Richard پر ایک بڑے دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔ آگ بجھانے والے کارکن اس آتش زدگی پر قابو پانے کی مسلسل کوششوں میں ہیں مگر انہیں تاحال کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

اب تک زخمی ہونے والے کل 59 افراد میں سے 23 سویلین اور 36 امریکی بحریہ کے اہلکار بتائے گئے ہیں۔

امریکی نیوی کے ایک اعلیٰ اہلکار نے یہ اعتراف بھی کیا کہ جب اس جنگی بحری جہاز پر آگ لگی، اس وقت اس انتہائی جدید وارشپ کا کسی بھی ممکنہ آگ کو محدود رکھنے کا خودکار نظام کام نہیں کر رہا تھا۔

USA I San Diego I Feuer an Bord des Schiffes USS Bonhomme Richard  in der Marinebasis
تصویر: picture-alliance/dpa/U.S. Navy/A. Haist

پونے چار ملین لٹر تیل

بحریہ کے اہلکاروں اور ریسکیو کارکنوں کے مطابق اس بحری جہاز پر 3.7 ملین لٹر تیل بھی موجود ہے اور آگ بجھانے والے کارکنوں کی پوری کوشش ہے کہ شعلوں کو اس تیل تک کسی صورت نہ پہنچنے دیا جائے۔

دریں اثنا امریکی کوسٹ گارڈز نے اس وجہ سے تیل صاف کرنے والے عملے کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں کہ ممکنہ طور پر اس جنگی جہاز سے تیل بہہ کر سمندر میں پھیل بھی سکتا ہے۔

سان ڈیاگو میں جہاں یہ بحری جہاز شپ یارڈ میں کھڑا لیکن مسلسل آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں ہے، اس سے ایک سمندری میل کے فاصلے تک ہر قسم کی کشتیوں کی نقل و حرکت بھی روک دی گئی ہے اور اس کے اوپر فضا میں احتیاطی طور پر ہر قسم کی پروازیں بھی ممنوع قرار دے دی گئی ہیں۔

درجہ حرارت ایک ہزار ڈگری تک

امریکی بحریہ کے ریئر ایڈمرل فیلپ سوبَیک نے بتایا کہ آتش زدگی کی وجہ سے اس جنگی بحری جہاز کے کئی حصوں کا درجہ حرارت ایک ہزار ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔ اسی وجہ سے جہاز کا وہ بلند ترین حصہ بھی منہدم ہو گیا، جہاں تکنیکی تنصیبات ہوتی ہیں۔

USA I San Diego I Feuer an Bord des Schiffes USS Bonhomme Richard  in der Marinebasis
تصویر: picture-alliance/AP/G. Bull

اس وجہ سے اب یہ خطرہ بھی ہے کہ اس جہاز کا وہ مرکزی حصہ بھی بری طرح متاثر ہو سکتا ہے، جہاں سے جہاز کا کپتان اس جنگی بحری جہاز کو کنٹرول کرتا ہے۔

کسی بھی نیوی شپ یارڈ میں لگنے والی بد ترین آگ

حکام کے مطابق یو ایس ایس بون ہوم رچرڈ پر لگنے والی یہ آگ امریکی نیوی کے کسی بھی شپ یارڈ میں آتش زدگی کے حالیہ تاریخ کے بد ترین واقعات میں سے ایک ہے۔ اب تک کی معلومات کے مطابق یہ آگ اس بحری جہاز کے کارگو والے نچلے حصے سے شروع ہوئی تھی۔

اس حصے میں عام طور پر گتے کے ڈبے، قالین اور جہاز میں استعمال ہونے والا دوسرا سامان رکھا جاتا ہے۔ اس آتش زدگی کی وجہ سے فضا میں اٹھنے والا دھواں بہت دور سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ دھواں سان ڈیاگو شہر کے مختلف حصوں کی فضا میں بھی پھیل چکا ہے۔

م م / ا ا (روئٹرز، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں