امریکی لڑاکا طیارہ ’فرینڈلی فائر‘ کا نشانہ بن گیا
22 دسمبر 2024امریکی سینٹرل کمانڈ 'سینٹ کام‘ کی جانب سے فلوریڈا کے مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی شام اعلان کیا گیا کہ یہ واقعہ ہفتے کی صبح پیش آیا۔
سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف/اے 18 لڑاکا طیارہ فرینڈلی فائرنگ کا نشانہ بنا۔
حوثی باغیوں کا وسطی اسرائیل میں بیلسٹک میزائل سے حملہ
حوثی باغیوں کا تجارتی بحری جہاز پر میزائل حملہ
اس لڑاکا طیارے نے امریکی طیارہ بردار بحری جنگی جہاز یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین سے پرواز بھری تھی کہ امریکی بحری جنگی بیڑے میں شامل ایک اور میزائل بردار جہاز یو ایس ایس گیٹس برگ نے اس طیارے پر میزائل فائر کیا۔
سینٹ کام نے کہا کہ دونوں پائلٹس بحفاظت جہاز سے نکلنے میں کامیاب رہے اور یہ کہ ایک پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ بیان کے مطابق اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی دھمکیوں کی وجہ سے امریکی افواج خطے میں تعینات ہیں۔ ہفتے کے روز فوج نے ایک بار پھر یمنی دارالحکومت صنعاء کے قریب حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ اس کے علاوہ بحیرہ احمر میں حوثیوں کے متعدد ڈرون اور کروز میزائل بھی مار گرائے گئے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان سات اکتوبر 2023ء کو شروع ہونے والی جنگ کے آغاز کے بعد سے حوثی باقاعدگی سے اسرائیل میں اہداف اور بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر راکٹوں اور ڈرونز سے حملے کرتے رہے ہیں۔
امریکی فوج حوثیوں کی تنصیبات اور ہتھیاروں کے نظاموں کو نشانہ بناتی ہے۔ امریکہ کے علاوہ برطانیہ جیسے دیگر مغربی ممالک بھی حوثیوں کی جانب سے ایسے حملوں کو روکنے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
ا ب ا/ک م (اے ایف پی، ڈی پی اے)