1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امسالہ حج اور عیدالاضحیٰ کا تہوار

16 جون 2024

اتوار 16 جون کو مکہ میں عازمین حج اس فریضے کی رسومات ادا کر رہے ہیں۔ جبکہ سعودی عرب کے علاوہ یورپ، امریکہ اور دنیا کے بہت سے دیگر ممالک میں عیدالاضحیٰ کا تہوار عقیدت و احترام سے منایا جا رہا۔

https://p.dw.com/p/4h6UT
Saudi-Arabien Mekka Hadsch Pilger
تصویر: FADEL SENNA/AFP/Getty Images

اس سال 1.8 ملین مسلمانوں نے دنیائے اسلام کے مقدس ترین شہر مکہ کے مضافات میں واقع وادی منیٰ میں رمی کی جس میں شیطان کی علامت والی کنکریٹ کی دیواروں کو پتھر مارے جاتے ہیں۔ یہ روایت حضرت ابراہیم کی سنت کے طور پر ادا کی جاتی ہے۔ آج ہی کے دن حج کرنے والے مسلمان قربانی کا فریضہ بھی ادا کر رہے ہیں۔ مسلمان 10ذی الحج سے 12 ذی الحج تک قربانی کر سکتے ہیں۔

رمی کامرحلہ بہت اہم ہوتا ہے اور حاجیوں کی اتنی بڑی تعداد ایک ہی وقت میں  حج  کے اس اہم جزو کی ادائیگی کرتی ہے۔ اس مقام پر بھگدڑ مچنے کے خدشات بھی ہوتے ہیں۔

فریضہ حج سے محروم غزہ کے باشندے

2015 ء میں 10 ذی الحج کو ہی جمرات کے قریب بھگدڑ کو ایسا بدترین واقعہ قرار دیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم دوہزار تین سو عازمین حج لقمہ اجل بن گئے تھے۔ تب سے حج کے موقع پر جمع ہونے والے بہت بڑے ہجوم کی نقل و حرکت کو آسان اور خطرے سے پاک بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

مسجد نمرا کے باہر کا منظر
مسجد نمرا کے باہر حجاج گرمی سے پچنے کے لیے چھتریوں کے ساتھتصویر: Rafiq Maqbool/AP/picture alliance

اس کے باوجود اتوار کو جمرات یعنی شیطان کی علامت کے طور پر بنائی گئی دیواوروں کو کنکریاں مارنے والے مقام کی طرف جانے والی سڑکیں بہت زیادہ بھری ہوئی تھیں۔ ہفتے کے روز عرفات میں درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس  تک پہنچ گیا تھا، جہاں حجاج کرام  حج کا خطبہ سنتے ہیں۔  سعودی سرکاری پریس ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ علاقے میں ایک علاج کے مرکز میں شدید گرمی سے متاثرہ 225 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ گزشتہ سال حج کے دوران گرمی سے متعلق بیماریوں کے 10,000 سے زائد کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے، جن میں سے 10 فیصد کی وجہ ہیٹ اسٹروک تھا۔

اس سال 1.8 ملین عازمین نے حج ادا کیا۔ سعودی حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ ان میں سے 1.6 ملین بیرون ملک سے آئے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں حاجیوں کا ہجوم
اس سال 1.8 ملین عازمین نے حج ادا کیاتصویر: Rafiq Maqbool/AP Photo/picture alliance

اس سال حج اور عیدالاضحٰی کی چھٹیوں پر غزہ پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے درمیان جنگ کے سائے چھائے رہے۔ اطلاعات کے مطابق سعودی شاہ سلمان نے اپنے خرچ پر 2000 فلسطینیوں کو حج کی دعوت دی تھی جن میں غزہ کے لوگوں کے وہ رشتہ دار بھی شامل ہیں جنہوں نے غزہ سے باہر کہیں اور پناہ لے رکھی ہے  لیکن سعودی حکام نے ساتھ ہی خبردار کیا تھا کہ حج کے دوران کسی قسم کی سیاسی نعرے بازی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دریں اثناء ہفتے کے روز عازمین  حج  کے نام ایک پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا، ''فلسطین کی آہنی پوشیدہ مزاحمت اور غزہ کے مظلوم عوام کی ہر طرح سے اور مکمل حمایت کی جانی چاہیے۔‘‘

ک م/اب ا (اے ایف  پی ای)