’امن‘ بحری مشقوں میں پینتالیس ممالک کی شمولیت
8 فروری 2019پاکستان کے جنوبی شہر کراچی میں امریکا، برطانیہ اور جاپان سمیت پینتالیس ممالک کی بحریہ کے مندوبین بحری مشقوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ دیگر ممالک میں برازیل، روس، سعودی عرب، نائجیریا، ملائیشیا، لیبیا اور چین کے وفود بھی شامل ہیں۔ شمالی بحیرہ عرب میں جمعے کے روز بحری مشق ’امن 2019‘ کا افتتاح ایک شاندار تقریب کے اہتمام کے ساتھ ہوا۔
پانچ روزہ بحری مشقوں کا مقصد دہشتگردی، اسمگلنگ اور بحری قزاقوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کثیر القومی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ پاک بحریہ کے مطابق ان مشقوں میں شرکت کے لیے متعدد ممالک نے بحری جہاز اور بحری عملے بھیجے ہیں۔
’امن مشق 2019‘ کے حوالے سے پاک بحریہ نے خصوصی نغمے پر بنی ’ہم متحد‘ کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سن دو ہزار سات سے ان بحری مشقوں کی میزبانی کر رہا ہے لیکن ہمسایہ ملک بھارت کو کبھی بھی اس میں شرکت کے لیے مدعو نہیں کیا گیا۔
جنوبی ایشیا کی ان دونوں ایٹمی طاقتوں کے مابین تعلقات اکثر کشیدہ رہتے ہیں۔ ان دنوں مسئلہ کشمیر اور پاکستان میں پشتون تحفظ موومنٹ جیسے موضوعات نئی دہلی اور اسلام آباد کے باہمی سفارتی تعلقات میں تناؤ کا سبب بنے ہوئے ہیں۔
ع آ/ک م (نیوز ایجنسیاں)