1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

انیس سال بعد مریض کے جسم سے قینچی برآمد

5 جنوری 2017

ویتنام میں جراحوں نے ایک مریض کے پیٹ سے انیس برس بعد ایک قینچی نکال لی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انیس سو اٹھانوے میں اس مریض کی سرجری کے دوران قینچی اس کے پیٹ میں ہی رہ گئی تھی۔ مریض اس دوسری سرجری کے بعد صحت مند ہے۔

https://p.dw.com/p/2VLo2
Schere blieb nach Operation im Unterleib
تصویر: picture-alliance/dpa

ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی سے اسپیشلسٹ سرجنز ویتنام کے شمالی صوبے تھائی گوئن پہنچے، جہاں انہوں نے متاثرہ مریض کا آپریشن کیا اور اس کے پیٹ میں موجود قینچی کو نکالا۔ 54 سالہ مریض کو پتا تھا کہ اُس کے پیٹ میں قینچی موجود ہے تاہم وہ بغیر کسی تکلیف یا اُلجھن کے نارمل زندگی بسر کر رہا تھا۔ حال ہی میں اس شخص کو ایک روڈ حادثے کے سبب ہسپتال جانا پڑا۔ وہاں اُس کی الٹرا ساؤنڈ رپورٹ میں ڈاکٹروں کو اُس کے پیٹ میں ایک تیز دھار والا آلہ  دکھائی دیا۔ اس الٹرا ساؤنڈ ٹیسٹ کے بعد مریض کو اُس کے آبائی صوبے باک کان کے جنرل ہسپتال لے جایا گیا۔ اس ہسپتال میں اُس کا دوبارہ الٹرا ساؤنڈ کیا گیا، جس سے ڈاکٹروں کو اس امر کا یقین ہو گیا کہ اس کے پیٹ میں ایک قینچی موجود ہے، جس کا سائز چھ انچ‘ ہے۔ یہ قینچی بڑی آنت کے قریب تھی۔

ویتنام کی مقامی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق متاثرہ شخص ما وان نھٹ نے خود بتایا کہ 1998ء میں بھی وہ ایک حادثے کا شکار ہوا تھا، جس کے سبب اُس کا آپریشن کیا گیا تھا۔ تب سے اب تک اُسے کبھی کبھار پیٹ کا درد محسوس ہوتا تھا اور اس کے لیے وہ درد کُش یا پین کیلرز دوائی لیا کرتا تو ان کا اثر نہیں ہوتا تھا۔

Vietnam Schere nach 18 Jahren aus Bauchraum entfernt
54 سالہ مریض کو پتا تھا کہ اُس کے پیٹ میں قینچی موجود ہے تاہم وہ بغیر کسی تکلیف یا اُلجھن کے نارمل زندگی بسر کر رہا تھاتصویر: Getty Images/AFP/Vietnam News Agency

اس مریض کی دوبارہ جراحی کے دوران سرجنز کو پتا چلا کہ اُس کے پیٹ میں اتنے سالوں سے موجود قینچی کے دستے اُس کے چند دیگر اندرونی اعضاء میں پیوست ہوتے جا رہے تھے۔ انہیں نکالنے کا جراحی کا عمل تین گھنٹے جاری رہا۔

دریں اثناء ویتنام کی وزارت صحت نے احکامات جاری کر  دیے ہیں کہ  جس ہسپتال میں متاثرہ شخص کا آپریشن کیا گیا تھا اُس کا پُرانا ریکارڈ نکالا جائے اور اُن کی مکمل تحقیق کی جائے اور یہ پتا لگایا جائے کہ اُس وقت جراحی ٹیم میں کون کون سے سرجننز اور ڈاکٹرز شامل تھے تاکہ اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔ دریں اثناء  ما وان نھٹ کو جلد ہی ہسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔