اپنے ہی ساتھی کے ہاتھوں 10 پولیس افسر ہلاک
26 جنوری 2016اپنے ساتھی پولیس افسروں کو قتل کرنے والے پولیس افسر کو طالبان انفلٹریٹر کہا جا رہا ہے۔ ہلاک ہونے والے 10 پولیس افسروں کا اسلحہ چوری کرنے کے بعد یہ شخص ارزیگون صوبے کے چھینارٹو چیک پوسٹ سے ہوتا ہوا بھاگ گیا۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران افغان پولیس پر یہ دوسرا اندرونی حملہ ہے۔ ارزیگان صوبے کے گورنر کے ترجمان، محمد نایاب نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو ایک انٹرویو میں کہا، ’’ہماری تحقیقات کے مطابق اس پولیس افسر نے طالبان کے ساتھ مل کر یہ حملہ کیا ہے۔ اس نے اپنے ساتھی پولیس افسروں کو نشہ آور شے کھلا کر انہیں تب قتل کیا، جب وہ ہوش میں نہ تھے۔‘‘صوبے کے نائب پولیس چیف نے بھی اس حوالے سے کہا کہ قاتل کو پکڑنے کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک الگ کہانی بیان کی ہے۔ اس کے مطابق عسکریت پسندوں کے چھینارٹو پولیس چوکی پر قبضے کے بعد 9 پولیس افسروں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
افغان فوجیوں اور پولیس افسروں کی جانب سے اپنے ساتھیوں کو ہی قتل کر دینا نیٹو افواج کے لیے بھی ایک بڑا مسئلہ تھا، جنہوں نے افغان افواج کے ساتھ کئی سال عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔
ایک اور واقعے میں 17 جنوری کو 4 پولیس افسروں نے اپنے 9 ساتھیوں کو ارزیگان صوبے میں قتل کر دیا تھا۔