ایران: دفاعی صنعت میں تخریب کاری کی 'سب سے بڑی سازش' ناکام
31 اگست 2023ایران کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے ملک کی میزائل، ہوا بازی اور خلائی ٹیکنالوجی کی فوجی صنعت کے خلاف "سب سے بڑی تخریب کاری کی سازش" کو ناکام بنا دیا ہے۔
سرکاری ٹی وی نے جمعرات کو اس سازش کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا۔ اسرائیل اور ایران کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے خلاف ڈھکی چھپی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ ان کارروائیوں میں تخریب کاری اور قتل کی سازشوں کے باہمی الزامات بھی ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے کہا، "وزارت دفاع کے انٹیلی جنس یونٹ نے ایران کی میزائل، ہوا بازی اور فضائی ٹیکنالوجی کی عسکری صنعت کو سبوتاژ کرنے کے سب سے بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔" بیان میں مزید کہا گیا، "یہ تخریب کاری اسرائیلی انٹیلی جنس سروسز اور ان کے ایجنٹوں کی رہنمائی میں کی گئی۔"
اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ایرانی وزارت دفاع کے ایک نامعلوم اہلکار نے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ایجنٹوں کے ایک نیٹ ورک نے جدید میزائلوں کی تیاری میں خراب پرزے متعارف کرانے کی کوشش کی۔
ش ر / ک م ( روئٹرز)