ایران میں اعلیٰ سوئس خاتون سفارتکار بلند عمارت سے گر کر ہلاک
4 مئی 2021ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی اِسنا نے بتایا کہ تہران میں سوئس سفارت خانے کی اس خاتون اہلکار کی عمر اکیاون برس تھی اور وہ ملکی دارالحکومت کے شمالی حصے میں ایک بلند و بالا رہائشی عمارت کے ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں۔ ان کی لاش آج منگل کے روز اس عمارت کے باغیچے سے ایک مالی کو ملی۔
امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی قیاس آرائیاں تیز
تہران میں سوئس سفارت خانہ وہاں امریکا کا اپنا سفارت خانہ نا ہونے کی وجہ سے امریکی سفارتی مفادات کی نگرانی بھی کرتا ہے۔
1979ء میں ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد سے امریکا اور ایران کے باہمی سفارتی روابط منقطع ہیں۔
یہ امر غیر واضح ہے کہ یہ سرکردہ یورپی سفارت کار اپنے فلیٹ سے کن حالات میں اور کیسے کئی منزلیں نیچے گر گئیں۔
ان کی موت کی تہران میں ہنگامی خدمات کے شعبے کے ترجمان نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
سوئس وزارت خارجہ کے لیے دھچکا
سوئٹزرلینڈ میں ملکی وزارت خارجہ (FDFA) نے اس خاتون سفارت کار کی شناخت ظاہر کیے بغیر لیکن ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موت ایک 'جان لیوا حادثے‘ کے نتیجے میں ہوئی، جس کے بعد سے تہران میں سوئس سفارت خانہ مقامی پولیس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ایران نے سعودی ولی عہد کے بیان کا خیرمقدم کیا
برن میں سوئس وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا، ''ایف ڈی ایف اے اور اس کے چیف فیڈرل کونسلر اِگناسیو کاسِس کے لیے اس سفارتی اہلکار کی المناک موت ایک بہت بڑا دھچکا ہے اور وہ اس سفارت کار کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں۔‘‘
ایرانی وزیر خارجہ کے بیانات کی ریکارڈنگ لیک: ایران میں تہلکہ
ایرانی حکام کا موقف
ایرانی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان مجتبیٰ خالدی نے اس واقعے کے بارے میں کہا، ''آج صبح سویرے جب ایک ملازم اس سوئس سفارت کار کے فلیٹ پر پہنچا تو اسے علم ہوا کہ یہ خاتون اپنے گھر پر نہیں تھیں۔ بعد میں ایک باغبان کو اس خاتون کی لاش اس بلند رہائشی عمارت کے باغیچے سے ملی۔‘‘
اسرائیل نے ایٹمی پلانٹ پر حملہ کر کے بہت بُرا جوا کھیلا، ایران
ساتھ ہی مجتبیٰ خالدی نے یہ بھی بتایا کہ یہ خاتون تہران میں سوئس سفارت خانے کی فرسٹ سیکرٹری تھیں اور ان کے اپنے فلیٹ سے نیچے زمین پر گر جانے کی ''وجوہات کا تعین ابھی باقی ہے۔‘‘
م م / ک م (روئٹرز، اے پی)